میلوڈی مارکیٹ میں دن دہاڑے ڈکیتی وفاقی حکومت کے لیے چیلنج ہے۔ اجمل بلوچ، خالد چوہدری، زاہد بٹ

اسلام آباد (پی این آئی) میلوڈی مارکیٹ میں آج صبح اسلام آباد جیولرز کی دکان پر دن دیہاڑے ڈکیتی کی کوشش کی گئی اور ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے بعد ازاں مارکیٹ کے دکانداروں نے کاروبار بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ آل پاکستان انجمن تاجران اور

ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلوڈی مارکیٹ میں ڈکیتی والی دکان آبپارہ سے چند قدم اور وزیراعظم سیکریٹریٹ سے چند سو میٹر کے فاصلے پر ہے جو کہ وفاقی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ اور چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سات روز کے اندر ملزمان کو گرفتار کیا جائے ورنہ اسلام آباد بھر کے تاجر سخت احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہ اسلام آباد میں وارداتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے اگر ہنگامی بنیادوں پر ان کو کنٹرول نہ کیا گیا تو حالات بگڑ سکتے ہیں۔ سیکریٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی خالد چوہدری اور جنرل سیکریٹری میلوڈی ٹریڈرز ایسوسی ایشن نعیم اچکزئی نے کہا کہ آج وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کو میلوڈی مارکیٹ آنا چاہیے تھا سیف سٹی پروجیکٹ کو فعال کیا جائے اور جوائنٹ رینجر اور پولیس پر مبنی گشت کو دوبارہ فعال کیا جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرے اور ملزمان کو گرفتار فوری طور پر کیا جائے۔ اس موقع پر سید عادل انیس، زاہد بٹ، بلال خان اور جیولرز ایسوسی ایشن اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری شمیم احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔۔۔۔

قیمتوں میں کمی کیلئے ترسیل کے نظام کوبہتر کیا جائے، سردار یاسر الیاس خان روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کیلئے کوشاں ہیں، رشدل خان ہوتی

اسلام آباد (پی این آئی) مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین رشدل خان ہوتی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کے ساتھ مہنگائی پر قابو پانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ڈائریکٹر ڈی ایم اے کیپٹن علی اصغر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمیشنر جنرل رانا وقاص بھی ان کے ہمراہ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، خالد چوہدری، طاہر عباسی، عبدالرحمٰن صدیقی، ایف ٹین کے صدر احمد خان، جنرل سیکرٹری ملک نعیم اقبال، علی اکرم اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صد ر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عوام مہنگائی کی وجہ سے کافی پریشان ہیں لہذا عام آدمی کی مشکلات میں کمی کیلئے خاص طور پر سبزی اور فروٹ کی قیمتوں میں کمی لانا ضروری ہے جس کیلئے  ترسیل کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرمانے کرنے یا سزائیں دینے سے مہنگائی کم نہیں ہو سکتی لہذا ترسیل کا نظام آسان بنانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آبا د کی تاجر برادری مسائل کے حل کے لئے مارکیٹ کمیٹی،ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون جاری رکھے گی۔

مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین رشدل خان ہوتی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سبزی، فروٹ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کی وجہ سے چند اشیاء بہت زیادہ مہنگی ہو گئیں تھیں لیکن بتدریج ان کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے چند ایک سٹال دیئے گئے تھے جبکہ کسی بھی مارکیٹ کے قریب کوئی سٹال نہیں دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتہ سے تمام سٹال ختم کر دیئے جائیں گے جبکہ چند روز میں سبزی اور فروٹ کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ ڈائریکٹر ڈی ایم اے کیپٹن علی اصغر نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد سے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے تاجر برادری کا تعاون درکار ہے اور اس سلسلہ میں چیف کمیشنر کی طرف سے ہدایات جاری ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ لائسنس، بورڈ ٹیکس اور دیگر معاملات پر کسی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری، طاہر عباسی، احمد خان، عبدالرحمن صدیقی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور قیمتوں میں کمی کیلئے مختلف تجاویز دیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں