سینیٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے ،اپوزیشن جو خواب دیکھ رہی ہے اُن کی تکمیل کبھی ممکن نہیں ہوگی،گورنرپنجاب

لاہور(این این آئی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم ملک کو آگے لے کر جاناچاہتے ہیں مگر اپوزشن ملک کو پیچھے دھکیلنے کی سازشیں کررہی ہے،سینیٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے ،اپوزیشن جو خواب دیکھ رہی ہے اُن کی تکمیل کبھی ممکن نہیں ہوگی، عام آدمی کی فلاح و بہبود کے

لئے وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں موجودہ حکومت جو اقدامات کررہی ہے ماضی میں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ وہ سوموار کے روز دَورہ ساہیوال کے دوران غاز ی آباد، ہڑپہ اور 190/9 اے ایل کے علاقہ میں تقریبات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔گورنر پنجاب نے اقلیت برادری کے ساتھ کرسمکس کیک بھی کاٹااور اس موقع پراُنہوں نے سرور فائونڈیشن کی جانب سے غازی آباد میں ہسپتال ، سکول اور پینے کا صاف پانی کے لئے فلٹریشن پلانٹ لگانے کا بھی علان کیا۔تقریب میں سابق ایم این اے رائے حسن نواز ، سابق ایم پی اے وحید ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر، پولیٹکل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب کاشف اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے ملک کو معاشی سمیت دیگر مسائل سے دوچار کیا اور وزیر اعظم عمران خاں جب اقتدار میں آئے توانہوں نے اپنی کامیاب حکمت عملی کے ذریعے ملک کو معاشی طور پر دوالیہ ہونے سے بچایا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج معاشی سمیت تمام ادرے پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا اعتراف کررہے ہیں ۔گورنر نے کہا کہ پاکستان آج جب آگے جارہا ہے تو اپوزیشن کو یہ برداشت نہیں ہورہا اس وجہ سے پی ڈی ایم کبھی احتجاج اور کبھی استعفوں کی دھمکیاں دیتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ِانشاء اللہ اپوزیشن کے تمام عزائم ناکام ہوں گے اور

عمران خاں بطور وزیر اعظم اور حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں اس لئے اپوزیشن جماعتیں حکومت کے بارے میں جتنے مرضی خواب دیکھتی رہیں وہ پورے نہیں ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ سینٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور اپوزشن کو ایک بار پھر ناکانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔گورنر نے کہا کہ سرور فائونڈیشن پاکستان میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے والی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے اور الحمد للہ پنجاب آب پاک اتھارٹی بھی مکمل ہو چکی ہے جو جنوری سے پنجاب کے تمام علاقوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کئے لئے آغاز کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب کے ایسے علاقوں کو ترجیح دیں گے جہاں سب سے زیادہ لوگ گندہ پانی پینے کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close