حضور نبی کریم ؐ کی شریعتِ مطہرہ پر چلنے والا ربِ کریم کی رضا کو پا لیتا ہے، عید گاہ شریف میں ہفتہ وار درسِ حدیث ِ پاک کی محفل سے پیر محمد نقیب الرحمان کا خطاب

راولپنڈی(این این آئی)در بار عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی کے سجادہ نشین وعالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن کہا ہے کہ حضور نبی کریم ؐ کی شریعتِ مطہرہ پر چلنے والا ربِ کریم کی رضا کو پا لیتا ہے اور اس پر رشد و ہدایت کے تمام دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں۔ خانقاہیں اور درگاہیں

در حقیقت توحید کے مئے خانے ہیں جہاں آنے والی مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے کہ اپنی ذات میں موجود گناہوں، کمزوریوں، کوتاہیوں کو دور کیا جائے، دوسروں کا محتسب بننے کے بجائے اپنی اصلاح کی جائے، اپنے نفس پر قابو پایا جائے اور صبر کے ذریعے تہذیب و اصلاح نفس کی جائے، اپنے ربِ کریم کو دلوں میں بسایا جائے، باقی کے ساتھ تعلق جوڑا جائے تا کہ خود بھی باقی ہو جا اور یہ زندگی اللہ تعالی نے صرف اور صرف اس لئے دی ہے تا کہ اس کی عبادت اور بندگی کر کے اللہ تعالی کی رضا حاصل کی جا سکے اوراللہ تعالی کی رضا کوحاصل کرنے کے لئے ہمارے پاس واحدراستہ اتباعِ رسولِ مقبول ؐ ہے۔ قرآنِ کریم سے روشنی حاصل کرنے کے لئے ہمیں صاحبِ قرآنِ کریم ؐ کے دربارِ اعلی کی جانب رجوع کرنا ہو گا جس کے آداب اللہ کریم نے خود قرآنِ کریم میں ارشاد فرمائے اور حکم فرمایا کہ اپنی جانوں پر ظلم کر نے والے میرے حبیبِ پاکؐ کے دربارِ اعلی کی جانب رجوع کریں اور جب آپؐان کی شفاعت فرمائیں گے تو وہ مجھ اللہ کو بخشنے والا مہربان پائیں گے۔سچی اتباعِ رسولِ مقبول اختیار کر لینے والے اس کیفیت میں ہوتے ہیں کہ ان کا وجود مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود میں لگا رہے، ایک دوسرے کا بھلا چاہنے والے ہوں، کسی کی آبرو ریزی نہ کریں اور نہ پگڑی اچھالیں، دوسروں کی غیبت اور چغلی نہ کریں کیونکہ سکون قلب اس میں نہیں کہ

ہم دوسرے کو رسوا کردیں بلکہ اطمینانِ قلب سچی اتباعِ رسولِ مقبولؐ میں ہے جو نہ صرف انسان کو مطمئن کر دیتی ہے بلکہ ربِ رحمان کی رضا و خوشنودی کا ذریعہ بن جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث ِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ؐ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی،ترقی، افواجِ پاکستان کو سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین نے لئے خصوصی دعا کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں