راولپنڈی (پی این آئی) آل جموں و کشمیرمسلم کانفرنس کے قائدو سابق وزیر اعظم آزا دکشمیر سردار عتیق احمد خان نے قائد اعظم کے سیاسی جانشین اور مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈ، قائد ملت چوہدری غلام عباس کی 53 ویں برسی کے موقع پرجاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قائد ملت ریاست جموں و کشمیر
کے تشخص کی علامت تھے۔ کشمیریت ان کے نام سے پہچانی جاتی ہے۔ انھوں نے ہمیشہ بے غرض سیاست کی۔ اپنی زندگی میں کوئی منصب یا عہدہ قبول نہ کیا۔ قائد ملت کی زندگی کا ایک بڑا اہم پہلو تقوی تھا وہ اپنی طبیعت میں نفاست کے علاوہ پاکیزگی کا خاص خیال رکھتے تھے اور یہ وہ مقام ہے جو صوفیائے کرام کے سوا کسی دوسرے کو نصیب نہیں ہوتا۔ قائد ملت ریاست جموں وکشمیر کے وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے کشمیریوں کے لیے ایک واضح منزل کا تعین کیا اور کشمیر یوں کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں ایک نصب العین دیا۔ وہ ریاست میں نظریہ پاکستان کی علامت تھے۔ یہی وجہ تھی کہ بانی پاکستان نے قائد ملت کو ریاست میں اپنا سیاسی جانشین مقرر کیا تھا۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ قائد ملت کی سیاست کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی تھا کہ وہ برادری، قبیلے اور علاقائی سیاست سے بالاتر قومی اور جماعتی سیاست کے قائل تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ساری زندگی لوگوں کو یہ معلوم نہ ہو سکا کہ قائد ملت کا تعلق کس برادری سے ہے۔ قائد ملت کے نظریات وا فکار کشمیریوں کے لیے مشعل راہ ہیں انکی تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کے لیے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انھوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس بات کا عہدکرنا ہے کہ قائد ملت کے افکار اور کردار کو مشعل راہ بنا کر اپنی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس سال ملک میں
کرونا وباء کی وجہ سے قائد ملت کی برسی کو روائتی انداز سے منانے کے بجائے صرف دعائیہ تقریب تک محدود کیا گیا ہے۔ آزادکشمیراور پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائد ملت چوہدری غلام عباس کے نظریاتی قافلہ میں شامل مسلم کانفرنسی کارکنان مقامی سطح پر رئیس الحرار کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کریں۔ مسلم کانفرنس کے صدر مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد ملت نے چوہدری غلام عباس نے کشمیریوں کو ایک سوچ دی جسکی بدولت ریاست جموں و کشمیر میں آزادی اور تکمیل پاکستان کی تحریکیں شروع ہوئی۔ قائد ملت کے مشن کی پہرہ دار مسلم کانفرنس ہے۔ کل 18دسمبر بروزجمعہ آزاد کشمیر، پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھرپور عقیدت و احترام سے قائد ملت کی برسی منائی جائے گی۔ اس سال کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور حکومتی SOP کے پیش نظرقائد ملت کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے اور اس عزم کا اعادہ بھی کریں کہ ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں