اسلام آباد (پی این آئی) جی 12 اور ایف 12 کے تاجروں کا ایک اجتماع ہوا جس میں کثیر تعداد میں تاجر برادری نے شرکت کی۔ اجتماع میں بیس رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی گئی اور متفقہ طور پر محبوب احمد خان ایگزیکٹو ممبر اسلام آباد چیمبر کو چیئرمین چن لیا گیا اور انہیں اختیار دیا گیا کہ وہ چند دنوں میں پوری
کابینہ تشکیل دے کر اعلان کریں گے اور تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محبوب احمد خان نے کہا کہ جی 12 اور ایف 12 میں تقریبا پانچ ہزار تاجر مختلف کاروبار کرتے ہیں اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار یہاں پر منسلک ہے مالکان کو تو اتھارٹی زمینوں کا معاوضہ دینے پر تیار ہے لیکن کرایہ دار تاجروں کی کوئی شنوائی نہیں جو کہ سالہا سال سے یہاں بزنس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار تاجر کوئی کیڑے مکوڑے نہیں کہ کوئی اٹھا کر باہر پھینک دے اگر مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی گئی تو تعاون کریں گے ورنہ شاہراہیں بند کرنا اور پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کرنا بھی ہمیں آتا ہے۔ اجلاس سے ایک قرار داد کے ذریعے ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد اور پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری خالد چودھری سے معاملے میں دخل اندازی کی اپیل کی گئی اور کہا کہ تاجروں کی بے دخلی کے مسئلہ کو حل کروایا جائے اس موقع پر ملک محمد یار، ملک حبیب اللہ، حاجی بشیر، خان محمد حسن، شاہ سوار کاظمی، عبدالقیوم، عبداللہ، کلیم خان، عارف محمود، حسن نور، شاہد محمود، سہیل یوسفزئی، ظفر اقبال، ساجد خان، عمران خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور بے دخلیوں کی بھرپور مزاحمت کا عندیہ دیا۔۔۔۔
خالد چوہدری آئی سی سی آئی ٹریڈرز کمیٹی کے کنوینر مقرر
اسلام آباد(پی این آئی)خالد چوہدری آئی سی سی آئی ٹریڈرز کمیٹی کے کنوینر مقرر ،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری کو آئی سی سی آئی ٹریڈرز ویلفیئر کمیٹی کاکنوینر مقرر کر دیا ہے۔ خالد چوہدری گزشتہ بارہ برس سے لگاتار کمیٹی کے کنوینر ہیں اور اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کے عہدیداران اور چیمبر کے درمیان رابطے کا کام کرتے ہیں گزشتہ 30 برس سے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن فاروقیہ مارکیٹ کے صدر اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکریٹری اور آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکریٹری اطلاعات ہیں۔ انہوں نے اپنے تقرر پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان چیئرمین فاونڈر گروپ میاں اکرم فرید سابق صدور زبیر احمد ملک، عبدالروف عالم، سابق صدور آئی سی سی آئی ظفر بختاوری، اعجاز عباسی، خالداقبال ملک اور احمد حسن مغل کا شکریہ ادا کیا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں