ولنگٹن (این این آئی) نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی باآسانی اننگز اور 12 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ کر کے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ولنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا
جو ہنری نکولس نے غلط ثابت کردیا۔کین ولیمسن کی خدمات سے محروم نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کا بوجھ ہنری نکولس نے اٹھایا اور 174 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 460رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریئل اور الزاری فوزف نے تین، تین جبکہ چیمار ہولڈر اور روسٹن چیز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز کی شکست سے دوچار ہونے والی ویسٹ انڈین ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھی بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی۔ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں صرف 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس میں جرمین بلیک وڈ 69 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے تجربہ کار ٹم ساؤدھی اور کائل جیمیسن نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا لیکن اس کے باوجود 41 رنز پر اس کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔اس کے بعد جان کیمبل اور شمرھ بروک نے 89 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 130 تک پہنچایا لیکن 68 رنز بنانے والے کیمبل کے ساتھ ساتھ مہمان ٹیم یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گونا بیٹھی۔135 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد جرمین بلیک وْڈ اور جیسن ہولڈر نے اسکور 170 تک پہنچایا لیکن وکٹ پر سیٹ بلیک وڈ 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر کا ساتھ دینے جوشوا ڈی سلوا آئے اور دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد دونوں کھلاڑی بالترتیب 61 اور 57 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں 317 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور لگاتار دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز کی شکست سے دوچار ہوئی۔نیوزی لینڈ نے میچ میں اننگز اور 12 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ہنری نکولس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ کائل جیمیسن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے پاکستانی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جہاں اب پاکستانی ٹیم کیویز کے خلاف دو میچوں کی سیریز کھیلے گی اور سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں