پی ڈی ایم جلسہ، 13دسمبر کو لاہور کا موسم کیسا ہو گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

لاہور(پی این آئی) موسم پی ڈی ایم کے جلسے کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلئے تیار، 13 دسمبر کے جلسے کے دن لاہور میں بارش ہونے کا امکان، موسم بھی مزید سرد ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کیخلاف اپنے آخری اور سب سے بڑے جلسے کا اعلان کر

رکھا ہے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کیخلاف لاہور میں اپنا آخری جلسہ کیا جائے گا۔جلسہ 13 دسمبر بروز اتوار کو ہوگا۔ جلسے کے انعقاد کیلئے زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں، تاہم جلسے کی میزبان ن لیگ کو بری خبر سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور میں بارش ہونے کا امکان ہے، پی ڈی ایم کا جلسہ بارش سے بری طرح متاثر ہوگا۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز لاہور شہر میں یخ بستہ ہوائیں چلیں گی جبکہ دوپہر کے وقت تیز بارش بھی ہو گی۔بارش ہونے کی صورت میں مینار پاکستان گراونڈ میں ناصرف پانی اکٹھا ہو سکتا ہے، بلکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔ بارشیں برسانے والا مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، اس سسٹم کے لاہور پر بھی اثرات ہوں گے۔ لاہور میں جمعہ کے روز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو اتوار تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس تمام صورتحال میں پی ڈی ایم کیلئے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد کی شمولیت کو یقینی بنانا مشکل ہوگا۔تاہم دوسری جانب پی ڈی ایم کی جانب سے جلسے کے انعقاد کیلئے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ جلسے کی میزبان ن لیگ جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف انتظامات کر رہی ہے۔ جبکہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ نہ جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے گی، نہ زبردستی جلسہ روکنے کی کوشش کی جائے گی۔ اپوزیشن نے جلسہ کیا تو قانون کے مطابق مقدمات درج ہوں گے۔ جو بھی اپوزیشن کو جلسے کیلئے سہولت فراہم کرے گا، اس کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں