انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی، ایف بی آر نے اعلان کے ساتھ توسیع کا راستہ بھی بتا دیا

اسلام آباد (این این آئی) ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ترجمان ایف بی آر نے تمام کمرشل بینک ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے منگل کی رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کا اعلان کیا ۔ترجمان نے ایف بی آر کے تمام فیلڈ دفاتر ٹیکس گزاروں کی

سہولت کے لئے رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کا بھی اعلان کیا ۔ ترجمان ایف بی آر نے کہاکہ ٹیکس گزار رات بارہ بجے تک آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر سکتے ہیں۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق تمام ذیلی دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع سے متعلقہ درخواستیں وصول کرنے کے لئے ہیلپ ڈیسک تشکیل دیں۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق چیف کمشنر کوموصول ہونے والی تاریخ میں توسیع سے متعلق ایک درخواست کے ذریعے کئی ٹیکس گزاروں کو توسیع دی جا سکے گی بشرطیکہ ٹیکس گزار کا نام، شناختی نمبر، این ٹی این اور حدود کی نشاندھی کے بارے میں بتایا گیا ہو۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کے لئے آن لائن درخواست بھی قابل قبول ہو گی۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق چیف کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے سے متعلقہ تاریخ میں توسیع کی درخواستوں پر فراخ دلی کا مظاہرہ کریں۔ ترجمان ایف بی آر نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں متوقع گوشوارے داخل کرناآسان بنانے کے لئے IRIS سسٹم کو بھی بہتر کر دیا گیا ہے۔۔۔۔

ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے ایف بی آر کے انقلابی اقدامات

وزیر اعظم پاکستان اور معاون خصوصی برائے ریونیو کے ویثرن کو عمل جامہ پہناتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے انقلابی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ ان اقدامات کی بدولت ٹیکس گزاروں کو ٹیکس قوانین کی تعمیل میں آسانی میسر آئے گی۔ ایف بی آر نے پرال کے اشتراک سے چھوٹے اوردرمیانے درجے کے مینوفیکچررز ، جن کا ٹرن اوور پانچ کروڑ تک ہے ، کی آسانی کے لئے ایک صفحہ پر مشتمل انکم ٹیکس گوشوارہ متعارف کیا ہے جس سے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز مستفید ہو سکتے ہیں۔ یہ گوشوارہ آئرس پورٹل پر دستیاب ہے۔ گوشوارہ میں ٹیکس سال 2020 کے لئے اہل ٹیکس گزار کاروباری سرگرمیوں سے متعلق ڈیٹا کا اندراج کریں گے۔ اسی طرح ایف بی آر نے پرال کے اشتراک سے آئرس نظام کو اپ گریڈ کیا ہے جس کے تحت ٹیکس افسر کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کی اطلاع اب ٹیکس گزاروں کو ان کے ای میل ایڈریس اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی فراہم کی جائے گی۔ اس سے پہلے ٹیکس گزاروں کو آئرس پورٹل پر لاگ ان ہونے کے بعد نوٹسز کے جاری ہونے کا علم ہوتا تھا۔ ایف بی آر نے معلومات ٹیکس رے سسٹم متعارف کیا ہے جو کہ اب ٹیکس آسان ایپ پر بھی دستیاب ہے۔ اس محفوظ ایپ کے ذریعے ٹیکس گزار معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے مزید سہولتی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تا کہ ٹیکس گزار کو ٹیکس قوانین کی تعمیل میں کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں