ہم جلسے ملتوی کرنے کو تیار ہیں، اپوزیشن نے حکومت کو اپنی شرط بھی بتا دی

اسلام آباد (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ اگر حکومت کل مستعفی ہو جائے تو ہم اپنے جلسے منسوخ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سب لوگ استعفے دے دیں اور حکومت چھوڑ کر گھر چلے جائیں

تو ہم جلسے جلوس منسوخ کر دیں گے۔خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں ایک تاریخی جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا ماننا ہے کہ اس جلسے کے بعد حکومت گرانے میں اہم مدد ملے گی اور یہ کہ حکومت کی پوزیشن اس جلسے کے بعد مزید کمزور ہو جائے گی۔اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکمت عملی بھی تیار کی جا رہی ہے کہ کس طرح 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے کو اس قدر کامیاب بنایا جائے کہ عوام بھی اس بات پر قائل ہو جائے کہ حکومت کی پوزیشن کمزور ہے اور چونکہ اس حکومت نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا لہٰذا اس حکومت کو گھر چلے جانا چاہئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کے ہونے والے جلسے میں لوگوں کی کثیر تعداد کو اکٹھا کرنا میزبان جماعت مسلم لیگ ن کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے۔اسی چیلنج کو پورا کرنے کے لیے اب مریم نواز نے جلسے سے قبل شہر بھر میں ریلیاں نکالنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز 7 دسمبر کو ریلیوں کی صورت میں شہر کے مختلف حلقوں کا دورہ کریں گی۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کی میزبانی مسلم لیگ ن کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں