کروناوائرس کے ساتھ ہی کاروبار چلانے کا طریقہ اپنانا ہو گا، عامر علی احمد تاجر برادری ایس او پیز پر عمل درآمد میں تعاون کرے گی، سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے چیف کمیشنر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات، آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری اور خصوصا ریسٹورنٹس اور مارکیز کو کرونا کے حوالے سے عائد پابندیوں کے بارے میں بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کہا کہ کرونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور تمام پابندیاں نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی طرف سے لگائی گئی ہیں لہذا تمام صوبے اور وفاقی دارالحکومت ان کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن این سی او سی کی ہدایت پر جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں کرونا وائرس کے ساتھ ہی کاروبار چلانے کا طریقہ اپنانا ہو گا لہذا تاجر برادری ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی تباہ کاریوں سے آگاہ ہیں اور اس کے روک تھام میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ لاک ڈاؤن نے کاروبار تباہ کر دیے تھے جس وجہ سے کاروباری برادری ابھی تک مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر کی وجہ سے ریسٹورنٹس کا کاروبار محدود کر دیا گیا ہے اور مارکیز پر بھی پابندیاں سخت کر دی گئی ہیں جس سے ان کیلئے مشکلات بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسٹونٹس کو وینٹی لیشن کا بندوبست کرنے پر انڈور فنکشنز کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔اس کے علاوہ اگر کوئی ریسٹورنٹ کھلی جگہ پر کرسیاں اور میز لگاتا ہے تو ڈی ایم اے اور انفورسمنٹ والے ان کو تنگ نہ کریں۔ 
آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ اگلے ہفتہ چیمبر کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پر ایک سمینار منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس میں چیف کمیشنر اور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد سمیت حکومتی وزراء، ڈاکٹرزاور مارکیٹوں کے عہدیداران شریک ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری ایس او پیز پر عمل درآمد میں تعاون کرے گی۔۔۔۔    

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں