اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو آسان حل بتادیا گیا ، اینکرپرسن عمران ریاض خان کہتے ہیں کہ اگر یہ ساری اپوزیشن فوری طور پر اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائے تو یہ حکومت 2 دن بھی نہیں چل پائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد یہ ہے کہ حکومت گرجائے ، اس کے لیے اگر یہ ساری اپوزیشن فوری طور پر اسمبلیوں سے استعفے دے دے تو یہ حکومت 2 دن بھی نہیں چل پائے گی ، یہ ایک حقیقت ہے لیکن یہ استعفوں کی طرف تو جا ہی نہیں رہے ، ان کا مقصد صرف عوام کو بے وقوف بنانا ہے جس کے لیے یہ ایک دورے پر پریشر بڑھا رہے ہیں ، اس میں عوام کہیں پر بھی نہیں ہے۔اینکر پرسن کے مطابق پاکستان کی سیاست میں اس وقت غصہ پایا جاتا ہے ، خاص طور پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں سے مولانا فضل الرحمان میں زیادہ غصہ ہے ، ان کی سیاست اس وقت سیاست میں رستہ نکالنے کی بجائے اس کو بند گلی میں دھکیل رہی ہے ، سارے مل کر عوام کو استعمال کرتے ہیں کسی نے بھی حکومت میں آنا ہوتو وہ عوام کو استعمال کرتا ہے ، کسی نے حکومت کو گرانا ہوتو بھی عوام کا استعمال کیا جاتا ہے ، ہر کسی نے اپنی بندوق عوام کے کاندھے پر رکھی ہوئی ہے۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو نہ گرانے کی صورت میں جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مقتدر حلقوں کو بڑی دھمکی دے دی ، سینئر صحافی طاہر ملک کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ دھمکی دیتے ہیں کہ اگر عمران خان نہ گیا تو میں ایک اور اعلی شخصیت کے استعفیٰ کا مطالبہ کروں گا،انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی لڑائی یہ ہے کہ وہ کہتے ہیں ان کی تذلیل ہوئی ہے ، اس لیے اب وہ وزیراعظم عمران خان کی واپسی کے علاوہ کسی قسم کی بات چیت نہیں کریں گے ، ان کی طرف سے ایک اور دھمکی یہ بھی دی جاتی ہے کہ اگر عمران خان کی حکومت نہ گئی تو وہ ایک اور اعلیٰ شخصیت کے استعفیٰ کا مطالبہ کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں