لاہور (پی این آئی) عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے لاہور کے مشہور معروف ایچی سن کالج کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جونیئر اور پریپ کلاسز کو آن لائن تعلیم دی جائے گی۔ اس سلسلے میں میڈیا ذرائع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ایچی سن کالج میں 23 نومبر سے پریپ اور جونیئر کلاسز بند کرنے کا شیڈول
جاری کر دیا گیا ، کالج پرنسپل کی طرف سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے ، جس کے مطابق ایچی سن کالج میں پریپ اسکول اور اپر جونیئر کلاسوں کے امتحانات جنوری 2021ء تک ملتوی کر دیے گئے ہیں جب کہ بورڈنگ ہاؤس میں رہائش پزیر طلباء کو انتظامیہ کی طرف سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ بھی چھٹیوں پر جا سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بندش کے بعد سے ایچی سن کالج میں گوگل کلاس رومز کے تحت آن لائن کلاسز شروع کی جائیں گی جس کی تفصیلات طلباء کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھا مسن نے کہا ہے کہ پرموشن امتحانات کے حوالے سے طلباء کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ان امتحانات اور کلاسوں کا نیا شیڈول بعد ازاں جاری کر دیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کے متعدد اضلاع کے تعلیمی سربراہان کی طرف سے بھی چھٹیوں کی حمایت کر دی گئی ، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کا اجلاس ہوا ، جس میں کورونا وباء کی دوسری لہر کے باعث اسکولوں میں چھٹیوں پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے موقف اختیار کیا کہ فی الوقت چھٹیاں دے کر تعلیمی سال میں توسیع کردی جائے کیوں کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث طلباء اور اساتذہ کی زندگیاں داؤ پر ہیں ، سربراہان کی طرف سے استدعا کی گئی کہ اب چھٹیاں دینے کے بعد گرمیوں کی چھٹیوں کو کم کردیا جائے ، تجویز کے جواب میں ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ 23 نومبر کو اس حوالے سے اجلاس ہو رہا ہے وہاں یہ تجویز پیش کروں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں