پاکستان میں کورونا ویکسین کی قیمت کیا ہو گی؟ ایک شخص کو ویکسین لگوانے کیلئےکیا کرنا ہو گا؟ حکومت نے بڑا علان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے شہریوں کو کورونا وائرس کی مفت ویکسین لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ چار سے پانچ عالمی کمپنیوں سے کورونا ویکسین کیلئے رابطہ ہے، حکومت اس مہینے کے آخر تک کورونا

ویکسین کے آرڈر دیدے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ویکسین جنوری کے شروع میں پاکستان کو موصول ہو جائیں گی۔چاہے قیمت کچھ بھی ہو، حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگائے گی۔ ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ممالک کی تنظیم ”کوویکس” سے سستے داموں ویکسین ملے گی۔ پاکستان ”کوویکس” کے پلیٹ فارم سے بھی ویکسین خریدے گا۔ پوری دنیا ویکسین کی بکنگ کر رہی ہے، ہمارا بھی سب سے رابطہ ہے۔ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ ویکسین کی دستیابی اور تعداد کو مدنظر رکھ کر آرڈر دے رہے ہیں۔فائزر نے مائنس 80 ڈگری کنٹینرز میں ویکسین پہنچانے کا کہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی ویکسین ٹرائل میں چار ہزار پاکستانی رضا کاروں کو لگ چکی ہے۔ چائنیز ویکسین ٹرائل کے 6 ہفتوں بعد اینٹی باڈیز ٹیسٹ ہونگے۔ چینی ویکسین کے ٹرائل ٹیسٹ کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ تین کمپنیوں سے ویکسین خریداری کے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ویکسین خریداری کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی منظوری مل چکی ہے۔کوویکس پلیٹ فارم ملکی 20 فیصد آبادی کو ویکسین فراہم کرے گا۔ خیال رہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے ملک بھر میں شدت اختیار کر لی ہے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 18 افراد کورونا کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2547 نئے کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں۔ کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے دنیا بھر میں کام ہو رہا ہے ، دو امریکی کمپنیاں بھی ویکسین تیار کرنے میں لگی ہیں اور اُمید کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین 2021ء میں آجائے گی۔ تاہم چینی کمپنی کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسین کو بھی تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں