لندن (پی این آئی)2030ء کے بعد ملک میں پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گا ڑیوں پر پابندی ، حکومت نے اعلان کر دیا، برطانوی حکومت نے 2030ء کے بعد ملک میں پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام برطانیہ میں
ماحول کے لئے مضر کاربن گیسوں کے اخراج کو 2050ء تک صفر تک لانے کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس حوالہ سے ایک قانون بھی منظور کیا جا چکا ہے۔قبل ازیں برطانوی حکام نے 2035ء کے بعد ملک میں پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت پر باپندی عائد کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس منصوبہ پر کل پچاس ارب ڈالر کے لگ بھگ لاگت آئے گی جس میں حکومت کا حصہ تقریباً ایک چوتھائی ہوگا جبکہ باقی فنڈز نجی شعبہ فراہم کرے گا۔برطانوی حکام کے مطابق اس منصوبہ پر عملدرآمد کے نتیجہ میں ماہرین کے لئے ملازمتوں کے اڑھائی لاکھ مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ نئے منصوبے کے تحت برطانیہ میں 2035ء کے بعد ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔علاوہ ازیں برطانوی حکومت 2030ء تک ہوا سے بجلی کی پیداوار کو چالیس گیگا واٹ کی سطح پر لے جانے، گھروں میں ایندھن کے طور پر ہائیڈروجن کے استعمال میں اضافہ کرنے اور جوہری توانائی کے نئے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں