انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کب آئیگی؟ شائقین کرکٹ کیلئے بڑا اعلان کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی ) انگلینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی کر دیا گیا، انگلش بورڈ نے اخراجات اور کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے اگلے سال کے شروع میں ٹیم پاکستان بھجوانے سے معذرت کر لی، دونوں کرکٹ بورڈز نے سیریز 2021 کے اختتام پر کروانے پر اتفاق کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور پاکستان

کرکٹ بورڈ نے جنوری 2021 میں انگلش کرکٹ ٹیم کے مختصر دورہ پاکستان کو ملتوی کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پی سی بی نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو اپنی ٹیم جنوری 2021 میں پاکستان بھجوانے کی درخواست کی تھی۔ جنوری 2021 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل مختصر سیریز کے انعقاد پر بات چیت جاری تھی۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے پاس اس مختصر سیریز کیلئے کھلاڑی اور اخراجات دستیاب نہیں ہوں گی، اس لیے دونوں کرکٹ بورڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ انگلینڈ 2021 کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران مختصر کی بجائے ایک مکمل سیریز کھیلی جائے گی۔پی سی بی چاہتا ہے کہ انگلینڈ کی مکمل ٹیم پاکستان کا دورہ کرے، اس حوالے سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اتفاق کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوشش ہے کہ اگلے سال اکتوبر میں آسٹریلیا کی اے ٹیم بھی پاکستان آئے جب کہ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے سینٹرز کا انتخاب کرلیا ہے ۔دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ کراچی اور دوسرا راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ تینوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close