گلگت بلتستان الیکشن جیتنے کے بعد تحریک انصاف نے سندھ میں بھی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں سندھ میں بھی حکومت بنائے گی، تحریک انصاف حکومت میں آکر سندھ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی، جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی نااہلیوں کا خاتمہ کردیں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر گلگت بلتستان کے الیکشن میں

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی جانب سے دھاندلی کے الزام پر اپنے بیان میں کہا کہ انشاءاللہ اگلے الیکشن میں تحریک انصاف سندھ میں بھی عوامی حکومت قائم کرکے نا اہلوں کا خاتمہ اور محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں جیت پر کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق، ترقی اور خوشحالی کیلئے عوام نے بلے پر ٹھپہ لگانے کا فیصلہ کیا۔ہم اس پر گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اسی طرح معاون خصوصی شہباز گل کا گلگت بلتستان کے الیکشن سے متعلق کہا کہ ہارنے کے بعد آپ کا یہ رونا دھونا ہمیں پہلے سے معلوم تھا، جی بی کے عوام نے کرپٹ ٹولہ مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت کے لوگ آپ کے ملک دشمن بیانیے سے متنفر ہیں۔ اقتدار اور مفادات کے لیے الیکشن لڑنیوالوں کی شکست یقینی تھی۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی سے متعلق کہا کہ شاہد خاقان عباسی جیسے درباریوں کو کرپشن کیسوال پر انقلاب یاد آتا ہے۔واضح رہے پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے الیکشن مسترد کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنان کے احتجاجی مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹرز کو اپنا حق نہیں دیں گے، چھینی ہوئی سیٹیں واپس لیں گے۔ہمارا دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا،ہم گلگت بلتستان کے عوام کو کٹھ پتلیوں کے حوالے نہیں کریں گے،پورے الیکشن میں تحریک انصاف کی صرف ایک نشست تھی۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے مقابلے میں جیتے ہیں، اگر عوام نے جتوانا ہوتا تو وہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیتے ، ان کو عوام نے جتوایا اس کا مطلب کہ اگر کوئی آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے مقابلے میں جیتا ہے۔الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ ن کا خیرمقدم کیا، لیکن حکومت کی جانب سے تین دن پہلے سے کہا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو الیکشن میں تین سیٹیں ملیں گی۔ ریٹرننگ آفیسر ہر روز حکومتی لوگوں کے پاس جاکر حاضری دیتے تھے۔ تمام قومی ادارے وفاقی حکومت کے ماتحت ہیں ، ہم سوال کرنے کے حق بجانب ہیں کہ حکومت نے گلگت بلتستان کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے اور پھر بھی اکثریت حاصل نہیں کرسکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close