بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ

اسلام آباد(آئی این پی ) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردیوں کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،دیر میں دو روز کے دوران 4 فٹ برف پڑ چکی ہے، اسلام آباد ،راولپنڈی ، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ ،سیالکوٹ اورلاہور میں(آج) پیر کے روز تک تیز ہواوں

کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی بارش کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ برفباری سے ہر چیز نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، دیر کے مختلف علاقوں میں 2 روز کے دوران ریکارڈ برفباری ہوئی ہے۔ دیر کے علاقے گانشان سر میں چار فٹ تک برف پڑی ہے۔ مہوڈنڈ میں 3 فٹ جب کہ کالام ، مالم جبہ اور ملحقہ علاقوں میں اب تک 2 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ مسلسل بارش و برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں سیاح پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے سلسلہ نے موسم کو سرد کردیا ہے۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری سے خشک سرد موسم کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ داتا کی نگری لاہور میں اتوار کو دن میں گہرے بادلوں کی وجہ سے رات کا سماں ہوگیا۔ جس کے بعد ٹاون شپ، کوٹ لکھ پت ، گرین ٹاون، ٹھوکر نیاز بیگ اورچونگی امرسدھو سمیت مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہی بارش ہوئی، جس کے ساتھ ہی شہر کی آلودہ فضا میں کمی ہوگئی ہے۔ لاہور کے علاوہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ اور اوچ شریف سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ،راولپنڈی ، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ ،سیالکوٹ اورلاہور میں(آج) پیر کے روز تک تیز ہواوں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ چترال ، دیر ، سوات ، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، مردان، پشاور، کوہاٹ ،وزیرستان ،کرم اور کشمیر میں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close