را ملک کے اہم سیاستدانوں کو نشانہ بنا سکتی ہے،عمران خان محنت کررہے ہیں،30 دسمبر سے پہلے مہنگائی کو کنٹرول کرلیں گے،شیخ رشید نے نیا دعویٰ کر دیا

لاہور(آئی این پی ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ را پاکستانی سیاستدانوں کو نشانہ بنا سکتی ہے،را کسی بھی بڑے سیاست دان کو نقصان پہنچا سکتی ہے، پاک فوج جیسا کرو گے ویسا بھرو گے کے مطابق جواب دیتی ہے، ملک میں بھارت کے بیانیے پر جس نے بھی کام کیا اس کی سیاسی قبر ہی بنی ہے، عمران خان محنت کررہے ہیں، 30 دسمبر سے پہلے مہنگائی کو کنٹرول کرلیں گے،

وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے،پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں نواز شریف کے بیانیے کیساتھ نہیں ہیں،مریم نواز نے بات کرنے کے لئے پی ڈی ایم کی چھتری کا سہارا لیا،شہباز شریف، نواز شریف کے غیر سیاسی اور غیر اخلاقی بیان کے سامنے نہیں کھڑے ہو سکتے ۔لاہور میں پریس کانفرس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں جو کچھ بتایا گیا ہے وہ میں بہت پہلے کہہ رہا ہوں،ہندوستان پاکستان کو اندر سے تباہ کرنا چاہتاہے وہ سرحدوں سے نہیں کرسکتا ہے،پاکستان کی فوج عظیم افواج ہے جو برقوت جواب دیتی ہے، جان ہتھیلی پر رکھ کر جواب دیتے ہیں، اس کا ثبوت یہ ہے کہ ہندوستان ابھی تک دہشت گردی کا بڑا واقعہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی خفیہ ایجنسی را نے جس طرح بلوچستان کے پی اور آزاد کشمیر میں گروہوں کو اکٹھا کیا ہے اسے وہ بھی دہشت گردی کا بڑا واقعہ کر سکتا ہے جبکہ کل اس بات پر مجھے کوئی یہ نہ کہے کہ شیخ رشید کو یہ کس نے بتایا تھا، میں عقل والوں کیلئے پیغام دینا چاہتا ہوں،ہندوستان کے بیانیہ پ جس نے بھی کام کیا ہے اس کا استعمال ہندوستان نے ضرور کیا ہے اور بعد میں اس کی سیاسی قبر بھی خود ہی کھودی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو گلگت بلتستان کے الیکشن میں میرے مطابق پہلے نمبر پر تحریک انصاف، دوسرے پر پیپلز پارٹی، تیسرے نمبر پر آزاد امیدوار اور چوتھے نمبر پر مسلم لیگ نون ہو گی، جبکہ یہ میرا سیاسی تجزیہ ہے گلگت بلتستان کے الیکشن پہلی مرتبہ جوش و خروش سے ہو رہے ہیں اور تمام جماعتوں نے بڑے بڑے جلسے کئے ہیں، لیکن ووٹ دینے کے معاملے میں جی بی کے لوگ سمجھدار ہیں اور سمجھداری سے فیصلہ کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را نے پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کیلئے اپنی کاروائیاں شروع کر دی ہیں، سیاستدان اپنی سیکیورٹی پر توجہ دیں کیونکہ سیاستدانوں کو بھی را کے ہاتھوں خطرات لاحق ہیں، مجھ پر تین بار حملے ہو چکے ہیں، کسی بھی بڑے سیاستدان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے بیان دیا ہے کہ فوج ہمیں نکال دیں، پہلے کہتے تھے کہ فوج کا سیاست پر کوئی کام نہیں ہے،جبکہ سارے پی ڈی ایم کی چھتری کے نیچے مذاکرات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ سے ش ضرور نکلے گا، مسلم لیگی کبھی بھی بی جے پی کے موقف کا ساتھ نہیں دیں گے جبکہ مسلم لیگ نون کے فیصلے آج مریم نواز کر رہی ہیں، صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نہیں کر رہے، مریم نواز جو کہہ رہی ہیں کہ وہ غیر آئینی طریقہ کار کی طرف جانا چاہتی ہیں کبھی انہیں بھی معلوم ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا حب ہے اور وہاں سے اب ممبر قوی اسمبلی اور سینیٹر بھی آئیں گے، گلگت بلتستان میں الیکشن مہم کیلئے میں نہیں گیا، اگرچہ وہاں میری ڈیمانڈ نہیں تھی۔ انہوں نے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو اندر گھس کر کوئی نہیں مار سکتا ہے، ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہر بچہ مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا شدت سے پھیل رہا ہے، ہمیں ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں کورونا وباء سنگین ہو مزید معاشی مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں