کراچی (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے عوام کو80 میٹرو بسوں کا تحفہ دینے کا اعلان کردیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے 3 ارب کی لاگت سے بسیں خرید کردی جائیں گی، وفاقی ادارے نے بسیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے ذیلی ادارے سندھ انفرااسٹرکچر
ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا۔جس میں ایس آئی ڈی سی ایل بورڈ میٹرو بسوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر کی منظوری دی ہے۔ گرین لائن میٹرو منصوبے کیلئے بسوں کی خریداری کا ٹینڈر فائنل کرلیا گیا ہے۔ کراچی کے شہریوں کیلئے3 ارب سے زائد کی لاگت سے80 میٹرو بسیں خریدی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ ٹینڈر ایوارڈ ہونے کے بعد بس مینوفیکچرر کمپنی کی گرین لائن میٹرو منصوبے کیلئے بسیں7 ماہ میں پاکستان پہنچنا شروع ہوں گی۔یاد رہے گرین لائن میٹرو بس منصوبہ2017ء میں مکمل ہونا تھا لیکن تاحال زیر التوا ہے۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے کراچی شہر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے بڑے پیکج کا اعلان تھا، جس پر عملدرآمد کیلئے ایم کیوایم اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ کمیٹی کی سربراہی پی ٹی آئی رکنِ قومی اسمبلی نجیب ہارون کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں تمام متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران بھی شامل ہوں گے، کمیٹی کراچی ترقیاتی پیکج میں وفاقی منصوبوں پر تجاویز دے گی۔ وفاقی حکومت نے کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج کے تحت منصوبوں کے لیے پیشرفت کا فیصلہ کیا ہے، پیکج کے تحت وفاقی منصوبوں کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائیگی،اور ٹرانسفارمیشن پیکج کے وفاقی منصوبوں کی فنڈنگ، وسائل کی دستیابی اور دیگر تفصیلات آئندہ ہفتے وفاقی کابینہ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے، جب کہ وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی تعاون و عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس بھی 28 ستمبر کو متوقع ہے، جس میں اعلی سول وعسکری حکام شریک ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں