گلگت (پی این آئی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جیل میں ان کے باتھ روم اور کمرے میں کیمرے لگائے گئے، اگر یہ دروازہ توڑ کر مریم نواز کے بستر تک پہنچ سکتے ہیں تو پاکستان کی کوئی بھی خاتون محفوظ نہیں ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جیل میں ان کے ساتھ جو
سلوک کیا گیا، اگر وہ بتادیا تو ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔اینکر نے کہا کہ مائیک آپ کے سامنے ہے، سب کچھ بتادیں۔جس پر مریم نواز نے کہا کہ آج نہیں بتاؤں گی، کیونکہ آج جد وجہد کر رہی ہوں اس لیے وکٹم پلے نہیں کرنا چاہتی۔ عورت کمزور نہیں ہے، میں رونا نہیں رونا چاہتی کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی لیکن وہ بھی وقت آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر مریم نواز کا دروازہ توڑ کر اس کے بستر تک پہنچ سکتے ہیں، اگر اسے حق بات کرنے پر والد کے سامنے گرفتار کرسکتے ہیں، اگر آپ میرے کمرے اور باتھ روم میں کیمرے لگا سکتے ہیں، اگر آپ مریم نواز کی ہر چیز پر نظر رکھ سکتے ہیں اور ٹیپ کرسکتے ہیں تو پاکستان کی کوئی بھی خاتون محفوظ نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والے سلوک کی بالکل بھی شکایت نہیں کریں گی، وہ پاکستان کے عوام اور خواتین کے سامنے یہ مقدمہ رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ جس دن مجھے نانی کہا میں بہت خوش ہوئی، میری بہت ہی پیاری نواسی ہے، جہاں بھی سگنل آتے ہیں تو میری نواسی مجھے میسج بھیجتی ہے۔ اس رشتے کو انہوں نے طعنہ بنانے کی کوشش کی تو یہ طعنہ انہوں نے مجھے نہیں بلکہ پاکستان کی ہر نانی اور دادی کو دیا ہے، جب ان کے پاس ثبوت نہیں ہوتے تو یہ ذاتی حملے شروع کردیتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں