باغیچے میں چہل قدمی کے دوران بلاول بھٹواو رمریم نواز کی ملاقات،گلگت بلتستان الیکشن میں مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کر لیا، اعلامیہ جاری

گلگت (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ(ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے انتخابات کو شفاف بنانے کا مطالبہ کردیا اور کہاکہ اس انتخابی عمل میں شفافیت نہ ہونے کے گہرے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،گلگت بلتستان کے انتخابی عمل میں وفاقی حکومت کی مداخلت گلگت بلتستان کی عدالت اور انتخابی قوانین

کی کھلی خلاف ورزی ہے،دونوں جماعتوں کے گلگت بلتستان کے صدور انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کے لیے حکمت عملی طے کریں گے ،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ایجنڈے کے حصول کے لیے مکمل طور پہ یکسو ہیں، پی ڈی ایم قوم اور ملک کو ووٹ، قومی ترقی چور، عوام پر مہنگائی اور معاشی ظلم ڈھانے والی سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔ بدھ کو یہ اتفاق رائے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف اور دونوں پارٹیوں کے دیگر رہنمائو ں کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں طے پایا ۔جس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاکہ علاقائی اور قومی مضمرات کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف انتخابات بنائے جائیں ۔گلگت بلتستان میں انتخابی عمل میں شفافیت نہ ہونے کے گہرے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ۔عدالتی حکم کے باوجود وفاقی وزرا کا گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں حصہ لینا پری پول دھاندلی ہے ۔گلگت بلتستان کے انتخابی عمل میں وفاقی حکومت کی مداخلت گلگت بلتستان کی عدالت اور انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔اعلامیہ کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کے مابین ہونے والے اجلا س میں یہ بھی اتفاق رائے طے پایاکہ دونوں جماعتوں کے گلگت بلتستان کے صدور انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کے لیے حکمت عملی طے کریں گے ۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ایجنڈے کے حصول کے لیے مکمل طور پہ یکسو ہیں۔ اعلامیہ میں کہاگیا کہ پی ڈی ایم قوم اور ملک کو ووٹ، قومی ترقی چور، عوام پر مہنگائی اور معاشی ظلم ڈھانے والی سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای کے درمیان ون آن ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال ،مستقبل کی حکمت عملی اور گلگت بلتستان کے انتخابات پر گفتگو کی گئی ۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ون آن ون ملاقات کے بعد پارٹی وفود کی بھی ملاقات ہوئی جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر ،صدر پی پی پی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ موجود تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے وفد میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویز رشید، حافظ حفیظ الرحمان اور مریم اورنگزیب شامل تھے ۔پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک ہی ہوٹل میں قیام پذیرہیں ۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے بلاول بھٹو کو چائے پر مدعو کیا ہوا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات آدھا گھنٹہ جاری رہی ۔مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری ہوٹل کے باغیچے میں چہل قدمی کے دوران گفتگو کرتے رہے جبکہ باقی دونوں جماعتوں کے سینئر رہنما ہوٹل میں چائے پر مدعو تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close