ہوائوں کا سلسلہ، بارشیں اور برفباری،اگلے ہفتے سے سردی کی شدید لہر کی پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات، کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہےگا۔ اس دوران صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور

مکران کے ساحلی علاقوں میں سموگ/دھند چھائے رہنے کا امکان۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں سرد رہا۔آج ریکارڈ کیےگئےکم سےکم درجہ حرارت: لہہ منفی 11، سکردو منفی06، گوپس منفی04،قلات منفی 03، گلگت اوراستور میں منفی 01ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔جبکہ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق اگلے ہفتے مغربی ہواؤں کے 2 سلسلے متوقع ہیں۔ ہلکی سے معتدل بارش، گرج چمک اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔پاکستان بھر میں موجودہ خشک موسم مزید 4 سے 5 دنوں تک جاری رہیگا۔جمعہ اور ہفتے کے درمیان مغربی ہواؤں کا سلسلہ متوقع ہے، جسکے سبب بڑے پیمانے پر ملک کے شمالی نصف حصّے میں مطلع ابر آلود ہو جائے گا، جبکہ شمالی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان کے 7000 فٹ سے بلند پہاڑوں اور کشمیر اور مری کے 8000 فٹ سے بلند پہاڑوں پر کہیں کہیں برفباری کا امکان ہے۔ مری میں بارش کی توقع ہے تاہم گلیات کے بلند پہاڑوں پر اگلے ہفتے کے اختتام تک رات کے اوقات میں گیلی برف یا برفباری ہو سکتی ہے۔13 سے 15 نومبر کے درمیان بالائی خیبر پختونخواہ بشمول وادیِ پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، دیر، وادیِ سوات، ہزارہ اور مالاکنڈ کے کئی علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران ایبٹ آباد میں 25 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔بالائی پنجاب اور جنوبی آزاد کشمیر بشمول اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، میانوالی، جہلم اور میرپور کے علاقوں میں ہلکی سے متعدل بارش کا امکان ہے، جس کی شدّت مشرق کی سمت بڑھتے ہوئے کم ہوتی جائے گی۔ بارش کے امکانات 60 فیصد تک ہیں۔ سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاءالدّین، خوشاب اور فیصل آباد کے علاقوں میں 1 سے 5 ملی میٹر تک کی ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ شمالی پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔ تاہم کم سے کم درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کچھ علاقوں باالخصوص ڈی آئی خان اور جھنگ میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔پنجاب کے جنوبی علاقوں بشمول ملتان میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں اور افغانستان کی سرحد کیساتھ ملحقہ علاقوں بشمول صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہلکی بارش اور ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ 2 سے 5 ملی میٹر کیساتھ اوسطاً درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔ زیارت میں اس دوران 2 سے 4 انچ برف پڑ سکتی ہے۔ پورے علاقے میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ باقی صوبے بشمول تربت اور گوادر میں خشک موسم جاری رہیگا۔سندھ میں اگلے ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں۔ کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی خشک ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے جبکہ ہوا کا معیار بدتر ہونے کا امکان ہے۔ صوبے کے زیادہ تر حصّوں میں ابر آلود موسم کا کوئی امکان نہیں اور موجودہ موسمی صورتحال جاری رہیگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close