ماڈل ایان علی کے فلیٹ پر قبضے کی کوشش کا انکشاف ،میرے فلیٹ کی فروخت کا معاہدہ تیارکیا گیا جس پر میرے جعلی دستخط ہیں،ایان علی کا مؤقف

کراچی (این این آئی)کرنسی اسمگلنگ کیس میں ضمانت پر رہا ماڈل ایان علی کے کراچی میں فلیٹ پر جعلی دستاویزات کے ذریعے مبینہ قبضے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔ایان علی کا فلیٹ کراچی کے پوش علاقے میں واقع ہے، اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایان علی نے کہا کہ جعلسازی کے ذریعے

کراچی میں میرے فلیٹ پر قبضہ کیا جارہا ہے، میرے فلیٹ کی فروخت کا معاہدہ تیارکیا گیا جس پر میرے جعلی دستخط ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جعلی معاہدے پر میرا قومی شناختی کارڈ نمبر بھی غلط لکھا ہوا ہے ، مجھے ادائیگی کا چیک تیارکیا گیا جسے متحدہ عرب امارات کی پولیس نے بھی جعلی قرار دیا ہے۔ماڈل گرل نے کہا کہ میری پاکستان میں عدم موجودگی پر میرے فلیٹ پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے، میں نے فلیٹ کسی کو فروخت نہیں کیا نہ ہی مجھے کوئی ادائیگی ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ جعلساز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔خیال رہے کہ ایان علی طویل عرصے سے بیرون ملک مقیم ہیں اور گزشتہ دنوں انہوں نے شوبز میں واپسی کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ائیرپورٹ پر حراست میں لیا گیا تھا اور ان کے پاس سے 5 لاکھ ڈالرز برآمد ہوئے تھے بعد ازاں ماڈل کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا جس پر انہیں جیل بھی جانا پڑا جب کہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی ڈالا گیا تھا۔تاہم ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے بعد وہ بیرون ملک چلی گئی تھیں اور اس دوران اپنے خلاف مقدمات کی سماعتوں کے دوران بھی وہ غیرحاضر رہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close