معاشی حالات میں بہتری آنے لگی، ملکی ذخائر میں اربوں ڈالرز کااضافہ ہوگیا

کراچی (پی این آئی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی بینک کے ذخائر اضافے کے بعد 12 ارب 18 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگئے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ترجمان کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا

ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ میں 29 اکتوبر کے اعداد و شمار شامل کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 29 اکتوبر تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں 6 کروڑ دس لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا جس کے بعد مرکزی بینک کے مجموعی ذخائر بڑھ کر 12 ارب 18 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 29 اکتوبر تک 7 ارب 17 کروڑ ڈالرز موجود تھے۔اگر مجموعی ذخائر کی مالیت کے حوالے سے بات کی جائے تو وہ اضافے کے بعد 19 ارب 35 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کرگئی۔واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی تھی کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں 26 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر میں 26 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔اضافے کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر کی مالیت بڑھ کر 12 ارب 6 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کمرشل بینک کے پاس 7 ارب 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں