لاہور (پی این آئی) سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ شکست کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاوس نہ چھوڑنے کی صورت میں امریکی فوج مداخلت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد حسین
سید کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں شکست ہوئی اور اس کے بعد انہوں نے وائٹ ہاوس چھوڑنے سے انکار کر دیا، تو اس صورت میں امریکی فوج کو مداخلت کرنا پڑے گی۔امریکا کا سسٹم بہت مضبوط ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت وائٹ ہاوس سے باہر کا راستہ دکھائے گی۔امریکی فوج کے 4 سینئر ترین جنرلز بشمول چیف آف دی آرمی اسٹاف اپنی وردیاں پہن کر وائٹ ہاوس پہنچیں گے۔وہاں وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو سلیوٹ کریں گے اور پھر انہیں صدارتی محل سے باہر کا راستہ دکھایا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی ریاست وسکانسن سے صدارتی انتخابات کے نتائج سامنے آ گئے جس کے بعد ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہو چکی ہے ۔امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست وسکانسن سے صدارتی انتخابات کے نتائج میں جو بائیڈن کو 10 الیکٹورل ووٹ حاصل ہوئے ہیں جس کے بعد ان کے کل ایکٹورل ووٹوں کی تعداد 248 ہو گئی ہے، جبکہ ریپبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے کل ووٹوں کی تعداد 213 ہے ، اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ جو بائیڈن سے 35 ووٹ پیچھے ہیں۔ امریکہ کی چھ ریاستوں کے نتائج سامنے آنا باقی ہے جبکہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید دو ریاستوں مشی گن اور نوائیڈا میں جو بائیڈن کو برتری حاصل ہے اور ان کے نتائج آنے کے بعد جو بائیڈن 270 ووٹ حاصل کرکے فتحیاب قرار پائیں گے۔ڈیموکریٹس کے امیدوار جوبائیڈن نے اب تک 248 الیکٹورل ووٹوں کے علاوہ 7 کروڑ سے زائد پاپولر ووٹ بھی حاصل کر لیے ہیں۔ آج تک کوئی امریکی صدارتی امیدوار 7 کروڑ سے زائد ووٹ حاصل نہ کر سکا۔ اس سے قبل امریکی صدارتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا اعزاز اوباما کے پاس تھا۔ اوباما نے 2008 کے انتخابات میں 6 کروڑ 90 لاکھ ووٹ حاصل کیے تھے۔ تاہم جوبائیڈن کو 7 کروڑ سے زائد پاپولر ووٹ کرنے کے باوجود فتح کیلئے 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں