کھڑی شریف میں 6 نومبر کو تکمیل پاکستان کنونشن کی تیاریوں کا آغاز ثابت کریں گےکہ کھڑی شریف میں مسلم کانفرنس کا گڑھ ہے ، ظفر معروف

مظفرآباد(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے زیراہتمام نیلم،دھیرکوٹ،کھاوڑہ،باغ،کوٹلہ کے شاندار کنونشنوں کے بعد اب 6نومبر بروز جمعتہ المبارک کھڑی شریف میں تکمیل پاکستان کنونشن منعقد کیاجائے گا جس کی تیاریوں کا آغاز کردیاگیا ہے۔کھڑی شریف میں تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔مسلم

کانفرنس کے مرکزی نائب صدر ظفر معروف،راجہ محمد الطاف خان، چوہدری فیض حمید فیضی اور دیگر کھڑی شریف میں کنونشن کو کامیاب کرنے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نیلم سے شروع ہونے والے کنونشن انتہا ئی کامیاب ہوئے اب کھڑی شریف میں بھی تکمیل پاکستان کنونشن تاریخ ساز کنونشن ہوگا۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر معروف نے کہا کہ 6نومبر کو ہونے والا تکمیل پاکستان کنونشن آزادکشمیر کی سیاست میں سنگ میل ثابت ہوگااور جس طرح آزادکشمیر بھر میں کنونشن منعقد کروائے گئے اسی طرح اس کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے رابطہ مہم تیز کر دی گئی ہے اور ان شاء اللہ 6نو مبر کو تاریخ سازکنونشن منعقد کر کے یہ بتادیں گے کہ کھڑی شریف میں مسلم کانفرنس کا گڑھ ہے اور آنے والا دور مسلم کانفرنس کا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کنونشن میں قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان اور صدر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ کے علاوہ یوتھ ونگ کے مرکزی چیئرمین سردارعثمان علی خان اور دیگر کا شاندار استقبال کیاجائے گا۔انہوں نے کھڑی شریف کے علاقہ سے تعلق رکھنے والے مسلم کانفرنس کے سینئر عہدیداروں،ایم ایس ایف،یوتھ ونگ،لائر ونگ،ٹریڈ ونگ کے عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلم کانفرنس کے اس کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی شرکت کو یقینی بنائیں جس طرح آزادکشمیر بھر میں مسلم کانفرنس کے شاندار کنونشن ہوئے اسی طرح ان شاء اللہ چھے نومبر کو کھڑی شریف کی سرزمین پر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کاکنونشن منعقد کر کے ثابت کردیں گے کہ کھڑی شریف میں مسلم کانفرنس بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں