جسے اللہ رکھے، ترکی ازمیر زلزلہ، ایک اور چارسالہ بچی کتنے دنوں بعد زندہ نکال لی گئی؟ہر کوئی سبحان اللہ کہہ اٹھا

ازمیر(پی این آئی) ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے زلزلے سے تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے 4 سالہ بچی زندہ نکال لی گئی ہے ۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے شہر ازمیر میں 6.6 شدت کے زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبے افراد کی تلاش چوتھے روز بھی جاری ہے ۔

ریسکیو اہلکاروں نے زلزلے کے 91 گھنٹے بعدملبے سے ایک اور بچی کو زندہ بچا لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق زلزلے میں تباہ ہونے والی عمارتوں میں سے ایک عمارت ’’روزا بی اپارٹمنٹ ‘‘کے ملبے میں دبی آئیڈا گیجگین نامی چار سالہ بچی کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئیڈا گیجگین کی والدہ تاحال ملبے کے نیچے دبی ہیں ۔ بچی کو ریسکیو کرنے والےاہلکار کا کہنا تھا کہ ’بچی خوبصورتی سے مسکرا رہی تھی۔گویا کبھی ملبے میں گئی ہی نہ ہو ۔بچی کو بچا کر دلی خوشی ہوئی، کوشش ہے جلد اس کی والدہ اور دیگر افراد کو بھی ملبے سے نکال لیں ۔اس سے قبل پیر کے روز دو بچیوں کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیاتھا، دونوں بچیاں تقریباَ تین دن تک ملبے میں دبے رہنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی تھیں ۔ ریسکیو اہلکاروں نے عمارت کے ملبے سے ایک 14 سالہ بچی عیدل شیرینن کو 58 گھنٹوں بعد زندہ نکالا تھا ۔لڑکی کو معمولی زخم آئے تھے، ریسکیو اہلکاروں نے فوری طبی امداد کے لیے لڑکی کو قریبی ہسپتال پہنچایا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے اسی عمارت سے ایک اور بچی کو زندہ نکالا تھا ، تین سالہ بچی تقریباَ 65 گھنٹے تک ملبے کے نیچے دبی رہی تھی۔ غیر ملکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس بچی کی ماں اور دو بہنوں کو دو دن قبل ہی عمارت کے ملبے سے ریسکیو کیا گیا تھا ۔ بچی کو ابتدائی امداد دینے کے بعد ماں کے حوالے کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ ترکی اور یونان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں اب تک ترکی میں ہلاکتوں کی تعداد سو تک پہنچ گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں