لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم نہیں ہے۔ گرایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہوا تو پھر نواز شریف اور میرا ساتھ نہ دینا۔پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں، کوئی آسمان سے نہیں اترا، سب کو جواب دینا پڑے گا۔لاہور میں ن
لیگ کی ‘’شیر جوان تحریک” کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ”شیر جوان تحریک “کا بنیادی مقصد نئی نسل کو سیاسی شعور دینا ہے، ہم نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو جب عزت ملتی ہے تو نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، وضائف، نئے سکولز اور کالجز بنتے ہیں۔ 22، 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ زیرو پر آ جاتی ہے۔ ڈرون حملے بھی ختم ہو جاتے ہیں اور دشمن ملک کا وزیراعظم خود چل کر پاکستان آتا ہے اورجب کہ ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو دہشتگردی سر اٹھا لیتی ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ کشمیر کا مقدمہ ہار جاتے ہیں۔ سترہ ہزار کا نیا قرضہ آٹا، چینی، بجلی اور گیس چور مافیاز کی جیبوں میں چلا جاتا ہے۔کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف آئین، حلف کی پاسداری اور عدلیہ کی آزادی کی بات کر رہے ہیں۔ آئین عوام کے حقوق کی کتاب ہے۔ آئین میں لکھا ہے کہ پاکستان میں کیا ہوگا کیا نہیں ہوگا اور کس نے کیا کام کرنا ہے۔ آئین کی کتاب پڑھو پھر دیکھو نواز شریف کے مطالبات کیا ہیں؟ نواز شریف کا ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم نہیں ہے۔ گرایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہوا تو پھر نواز شریف اور میرا ساتھ نہ دینا۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں، نہ ہی کوئی آسمان سے اترا ہے سب کو حساب دینا پڑے گا۔ جب ان سے جواب مانگا جاتا تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے شروع کر دیتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں