حکومت کے خلاف عوامی سونامی آپ دیکھیں گے، جس سے حکمرانوں کو اسلام آباد میں بھی پناہ نہیں ملے گی، سراج الحق

اسلام آباد (پی این آئی)حکومت کے خلاف عوامی سونامی آپ دیکھیں گے، جس سے حکمرانوں کو اسلام آباد میں بھی پناہ نہیں ملے گی، سراج الحق، جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر و سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ سونامی سے لوگ شیطان کی طرح پناہ مانگتے ہیں، پی ٹی آئی کے سونامی کی وجہ سے ہماری قوم بھوکی

سوتی ہے۔جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق نے باجوڑ میں اپنے خطاب کے دوران کہا ہے کہ سونامی کی وجہ سے روپے کی قدر کم ہوگئی ہے، سونامی کی وجہ سے چینی کی قیمت 110 روپے ہو گئی ہے، سونامی کی وجہ سے پیٹرول 104 روپے لیٹر ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کے سونامی کی وجہ سے آٹا، چینی منہگی ہو گئی، حکومت کی سونامی گزر گئی۔سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف عوامی سونامی آپ دیکھیں گے، جس سے حکمرانوں کو اسلام آباد میں بھی پناہ نہیں ملے گی، پاکستان امریکی نظام کے لیے نہیں اسلامی نظام کے لیے بنا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت نے ابھی نندن کو رہا کیا، ہمارے شاہینوں نے بھارت کے جہاز گرائے، اس حکومت نے قاتل اور درندہ ابھی نندن کو رہا کیا، ریمنڈ ڈیوس کو پروٹوکول کے ساتھ رہا کیا گیا، پی پی، مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ میں اس لیے میدان میں کھڑا ہوں کہ میرے اوپر کوئی کرپشن کا کیس نہیں ہے، پی ڈی ایم نے کوئٹہ میں مسنگ پرسن کی بات کی، کیا مسلم لیگ نون اور پی پی کے دور میں لوگ مسنگ نہیں ہوتے تھے۔سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں غریب عوام کے لیے لڑ رہا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے لیے نکلا ہوں، میرے ساتھ کسی بھی قسم کی مافیا نہیں ہے، پاکستان میں اسلامی نظام کا علم بردار حکمران رہے گا۔سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم اس عدالتی نظام کو بدلنا چاہتے ہیں، اس حکومت میں تو جسٹس فائز عیسیٰ کو بھی انصاف نہیں مل رہا، کراچی میں نقیب اللّٰہ کے قاتل نے چار سو انسانوں کو قتل کیا، ماں کے سامنے حیات اللّٰہ بلوچ کو شہید کیا گیا، اس اسٹیٹس کو کے نظام کو بدلنا چاہیئے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج کی حکومت نے بغیر کسی جنگ کے کشمیر بھارت کے حوالے کر دیا، ہم کشمیر سے دستبردار نہیں ہوں گے، لڑ کر مر کر کشمیر کی آزادی حاصل کریں گے، ہم اپنے بچوں کے لیے خوبصورت پاکستان چاہتے ہیں، پاکستان اس وقت ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت نہیں عوام کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی زلزلے، سیلاب میں آپ کے درمیان موجود تھی، ہر مرحلے میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر آپ چاہتے ہیں کہ 2 مہینے بھی آپ کو ملیں تو آپ قیمتوں میں کمی کرو، قیمتوں میں کمی نہیں کرو گے تو ہم آگے بڑھ کر گریبان میں ہاتھ ڈالیں گے۔سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب اسلام آباد کی طرف چلنے کا وقت آگیا ہے، ہم مولانا کی طرح دھرنا نہیں دیں گے، نہ ہی واپس آئیں گے، پی ڈی ایم اپنا کام کرے، ہم اپنا کام کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close