جنوری میں عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد، گلگت ،غذر (پی این آئی)جنوری میں عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کا اعلان کر دیا گیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوری میں اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی اور ظالم وزیراعظم کو گھر بھیج دیں گے۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو

زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے تو غذر شہیدوں کی سرزمین ہے۔ غذر کے عوام نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ آپ کی حقوق کی جدوجہد آج کی نہیں، آپ مسلسل اس جدوجہد کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ اس تحریک میں جیالوں کا خون شامل ہے۔ جب غذر کے عوام نے شہادتیں دیں تو ان کا حق ہے کہ ان کی قسمت کا فیصلہ وہ خود کریں۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو نظر آرہا ہے کہ آپ نے پاکستان کے ساتھ کیا کیا، اس حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ کیا۔ عوام احتجاج کر رہے ہیں۔ تاریخی بے روزگاری ہے اور ملک کا ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے۔ ہم عوام کو ریلیف دیتے ہیں، یہ تکلیف دیتے ہیں، یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں اور ان کے لیے ایمنسٹی سکیم لے کر آتے ہیں۔ اشاروں پر چلنے والے بھی آپ کی بات مان چکے ہیں اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی بات کر رہے ہیں۔ ان سے پوچھیں ان کے منشور میں صوبے کی بات کیوں نہیں، اگر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ہے تو سپریم کورٹ سے پٹیشن واپس لو، جبکہ پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دلائے گی۔ سنا ہے ایک وزیر یہاں ووٹ خریدنے آئے ہیں لیکن گلگت بلتستان کے عوام بکنے والے نہیں۔ آپ پیسے ان سے لیں لیکن ووٹ پیپلز پارٹی کو دیں اور ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کا موقع دیں۔ میں جانتا ہوں کہ اگر شہیدوں کے سرزمین کے عوام ہمارے ساتھ ہیں تو کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے عوام کے سر سے چھت چھین لی۔ پیپلز پارٹی کے عہد والی دو حکومتوں نے صرف مہنگای میں اضافہ کیا۔ موجودہ حکومت امیروں کو ریلیف اور غریبوں کو تکلیف دیتی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی کے نام پر تباہی کر رہی ہے۔ حکومت گلگت بلتستان کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہے اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ بلاول نے حوالدار لالک جک شہید کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے اور یادگار شہداء پر ستارہ جرات تمغہ جرات اور تمغہ بسالت پانے والے دیگر 31 جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close