ن لیگ سردار ایاز صادق کے ساتھ کھڑی ہو گئی، سردار ایاز صادق کیخلاف منفی اشتہاری مہم چلانے کی شدید مذمت ،حکومت اپنی ناکامی اور نالائقی سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے ، مرکزی قیادت کا اعلی سطحی اجلاس

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا اعلی سطحی اجلاس جاتی امراء رائے ونڈ میں منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اورآئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا گیا ،اجلاس میں پی ڈی ایم کے جلسوں کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ، اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی،

بیروزگاری، معیشت کی ابتری ، خارجہ پالیسی کی ناکامیوںپر تشویش کا اظہار کیا گیا ، اجلاس میں سردار ایاز صادق کے خلاف منفی اشتہاری مہم چلانے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ وضاحت جاری ہونے کے باوجود اس طرح کے ہتھکنڈے در اصل عوام کی توجہ مہنگائی، بیروزاری،معیشت کی تباہی اور خارجہ پالیسی سمیت ہر محاذ پر بد ترین نالائقی و ناکامی سے ہٹانا چاہتی ہے۔اجلاس میںسینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سردار ایاز صادق، نائب صدر مریم نواز، سینیٹر پرویز رشید، پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ ، خواجہ سعد رفیق، انجینئر خرم دستگیر خان، مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب، میاں جاوید لطیف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس نے پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے جذبے کو بھی سراہا کہ وہ قائدمحمد نوازشریف کی قیادت میں پورے عزم اور جرات سے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی کے مستقبل کے پروگراموں، سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے بھی لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں