سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس مہر النساء سے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین کی ملاقات

مظفرآباد(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی مرکزی جنرل سیکرٹری مہرالنساء سے مسلم کانفرنس سیکرٹریٹ میں مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والے بنت کشمیر گلنار اقبال ایڈووکیٹ،زیب عیدالنساء ایڈووکیٹ، ڈاکٹر نازبہ شریف، منیبہ یوسف، عظمت حیدر، نسیم اختر،انوشہ بی بی اور دیگر نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران مسلم کانفرنس کے ہونے والی یوتھ کنونشنز اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور آزاد کشمیر اسمبلی اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کی نشستوں میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل مہرالنساء نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے درمیان لازوال تعلق کو دنیا کی کوئی بھی طاقت ختم نہیں کرسکتی،مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی دہشتگرد ی عروج پر ہے اسطرح ہندوستان کی جانب سے آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف وزیوں میں اضافہ ہورہا ہے، اس ساری صورتحال میں ہندوستان کا مکروہ چہرہ عالمی سطح پر بھی بے نقاب ہو چکا ہے۔ کشمیری کے مظلوم مسلمان ہندوستان کی بدترین جارحیت کا شکار ہے، نو لاکھ درندہ صفت ہندوستان فوج نے نہتے کشمیروں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ہے، گزشتہ 14 ماہ سے زائد عرصہ سے لاک ڈاؤن اور کرفیو میں زندگیاں بسر کررہے ہیں ہندوستانی فوج نے آزادی کی تحریک سے دور رکھنے کے لئے ہر ممکن مظالم ڈھانے اور پیلٹ گنوں سے بچوں کی بصارت چھینی جارہی ہے، سینکڑوں خواتین، بچوں، جوانوں کو بے دردی سے شہید کیا جارہا ہے، اس کے باوجود کشمیریوں کے آزادی کے جذبے کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر انہوں نے آزادکشمیر اسمبلی اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کی نشستیں بڑھانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں نمائندگی دئیے اور ان کا رول تسلیم کئے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ یہاں خواتین کو ترقی کے سفر میں شامل نہیں کیا گیا اور اتنی بڑی آبادی کا رول تسلیم کئے بغیر معاشرے میں ترقی نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ اب کھلے دل سے اس حقیقت کا اعتراف کیا جائے اور خواتین کو ترقی کے عمل میں بھرپور شرکت کا موقع دیا جائے۔منتخب جمہوری اداروں میں ان کی نمائندگی کو بڑھایا جائے،انہیں تحفظ فراہم کرنے والے قوانین متعارف کرائے جائیں اور ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے ایک وزیر اور ان کے چہیتوں نے گزشتہ روز باغ کے مقام پر خواتین نے جب ان سے پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا تو اس پر وزیرحکومت نے خواتین کو دھکے دیے اور ان کے ایک کارکن نے نازیبا زبان استعمال کی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہوتی ہیں ان کی اس طرح تذلیل کرنا باعث افسوس ہے۔اس موقع پر مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن افشاں سعید چوہدری ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری خواتین ونگ بشریٰ تبسم ایڈووکیٹ، سینئر وائس چیئرپرسن ریحانہ خان،سلمیٰ کاظمی اور دیگرخواتین موجود تھی۔اس موقع پر بنت کشمیر گلنار اقبال اور دیگر نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست کی سواد اعظم جماعت ہے اس جماعت نے ریاست تشخص پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ان شاء اللہ آنے والے انتخابات میں خواتین قائدمسلم کانفرنس اور صدر مسلم کانفرنس کے شانہ بشانہ انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب مسلم کانفرنس اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل حل کرنے،خواتین کی نشستوں میں اضافہ اور میرٹ کی بحالی کے لیے کردار اداکریگی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں