لاہور (پی این آئی)اسم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی الحمرا آرٹس کونسلمیں عالیشان نمائش شروع ہو گئی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا ثمن رائے نے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ واسلم کے اسمائ حسنہ پر مبنی نمائش میں آویزاں فن پارے پرنور فضا کا منظر پیش کر رہے ہیں،ان کو
دیکھ کر ایمان تازہ ہو جاتا ہے،ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں مضمر ہے، الحمرا میں عید میلاد النبی کی مناسبت سے نمائش میں آرٹسٹوں نے مثالی کام پیش کیا ہے،ربیع الاول کے موقع پر اس نیک کاوش کو لوگوں کی بڑی تعدا د پسند کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے الحمرا قوالیاں اور نعت شریف بھی ریلیز کر رہا ہے۔تقریب میں نامور آرٹسٹ خورشید عالم،عرفان قریشی، ذوالفقار علی زلفی و دیگران نے بھی اظہار خیال کیا۔قبل ازاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ءثمن رائے،نامور آرٹسٹ خورشید عالم،عرفان قریشی نے الحمرا آرٹس کونسل میں اسم ِمحمد پر مبنی عالیشان نمائش کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ذوالفقار علی زلفی،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری ودیگرافسران بھی موجود تھے۔نمائش میں ملک کے 70آرٹسٹوں کے 100سے زائد فن پارے آویزاں کئے گئے ہیں،نمائش 8نومبر تک جاری رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں