اسلام آباد (پی این آئی) پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے مزید پروازوں کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی جانب سے سعودی عرب جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے اپنی پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کے علاوہ
ایک اور سعودی شہر کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔اس حوالے سے پی آئی اے کے سربراہ ائیرمارشل ارشد ملک نے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے خصوصی ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے دوران قومی ائیرلائن کے سربراہ نے درخواست کی کہ سعودی حکومت پی آئی اے کو مملکت کیلئے مزید پروازیں چلانے کی اجازت دے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے کو القسیم شہر کیلئے بھی پروازیں چلانے کی اجازت دی جائے۔سعودی عرب کے شہر القسیم میں بھی پاکستانیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے، اس شہر کیلئے پروازیں شروع کرنے کا پلان مرتب کر لیا ہے۔ ائیرمارشل ارشد ملک نے نواف بن سعید المالکی کو بتایا کہ پی آئی اے نومبر کے ماہ میں سعودی عرب کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، لہذا سعودی حکومت کی اجازت کے طلب گار ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ کرونا وبا کے باعث سعودی عرب نے 6 ماہ سے زائد عرصے تک بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد رکھی تھی۔کرونا صورتحال میں بہتری آنے کے بعد گزشتہ ماہ سعودی عرب نے جزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر عائد پابندی اٹھائی تھی، جس کے بعد پاکستان میں پھنسے ہزاروں محنت کش پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی شروع ہوئی۔ تاہم پروازوں کی تعداد محدود ہونے کی وجہ سے محنت کش پاکستانیوں کی بڑی تعداد اب بھی سعودی عرب واپس نہیں جا سکی، اس صورتحال میں پی آئی اے نے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں