پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آج کوئٹہ میں پاور شو کریگی،مولانا فضل الرحمن ، نواز شریف، بلاول بھٹو ، اختر مینگل، محمود خان اچکزئی کا خطاب ہو گا، سیکورٹی کے انتظامات سخت

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (آج)اتوار کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پاور شو کریگی پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کوئٹہ پہنچ گئے جلسے سے ، مولانا فضل الرحمن ، میاں نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری ، سردار اختر مینگل، محمود خان اچکزئی سمیت دیگر قائد ین خطاب کریں گے سیکورٹی کے

انتظامات سخت کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (آج)اتوار کو کوئٹہ کے ایوب اسٹڈیم کے فٹبال گرائونڈ میں تحریک کا تیسرا جلسہ عام کریگی جس سے پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن، مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی، بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مریم نواز شریف، عوامی نیشنل پارٹی، مرکزی جمعیت اہلحدیث،جمعیت علماء پاکستان (نورانی) ،عوامی ورکرز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے ۔ پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین مولانا فضل الرحمن، محمود خان اچکزئی ،سردار اختر مینگ، مریم نواز شریف، سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف کوئٹہ پہنچ گئے ہیں کوئٹہ میں سیکورٹی خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے جلسے کی سیکورٹی کے لئے پولیس اور ایف سی کے 4686اہلکار تعینات ہونگے جبکہ جلسہ گاہ کو جانے والے تمام راستوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کیا جائیگا جلسے کے شرکاء کے لئے سمنگلی روڈ، ریلوے اسٹیشن ، سبزل روڈ اسپنی کراس پر پارکنگ بنائی گئی ہیں جہاں سے شرکاء کو پیدل جانے کی اجازت ہوگی جبکہ جلسہ گاہ میں پی ڈی ایم قائدین اور میڈیا کی گاڑیوں کے علاوہ کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔جلسے سے قبل کوئٹہ میں سیاسی درجہ حرارت عروج پر پہنچ گیا شہر بھر میں پی ڈی ایم کے جھنڈے لگائے گئے ہیں جبکہ ایوب اسٹیڈیم اور اطراف میں بھی سیاسی جماعتوں کے جھنڈے لگا دئیے گئے جلسے میں قائدین اسٹیڈیم کی پیولین میں بیٹھیں جبکہ دیگر شرکاء کے لئے گرائونڈ میں بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے ہفتہ کو پی ڈی ایم کے صوبائی رہنمائوں نے جلسہ گاہ کا دورہ کرکے انتظامات کو حتمی شکل دی ۔واضح رہے کہ پی ڈی ایم اس سے قبل گوجرنوالہ اور کراچی میں بڑے جلسے کر کے پاور شو کرچکی ہے جبکہ سیاسی حلقے کوئٹہ کے جلسے کو انتہائی اہمیت کا حامل جلسہ قرار دے رہے ہیں ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں