وزیراعظم نے کلبھوشن کو سپر این آر او دے دیا، بڑا الزام عائد کر دیاگیا

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کلبھوشن کو سپر این آر او دیا ہے، عمران خان نیازی نے کلبھوشن کو اپیل کا حق دے کر این آر او دیا، بھارتی جاسوس کیلئے سپر این آر او کس پالیسی کے تحت دیا گیا ۔جمعرات کو رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے اسلام آباد

میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران احمد نیازی صبح و شام تسبیح پڑھتا ہے کہ این آر او نہیں دوں گا لیکن عمران نیازی نے سپر این آر او ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دے دیا ہے، بدھ کو قائمہ کمیٹی برائے قانون میں زبردستی بلڈوز کر کے قانون پاس کرایا گیا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق دیا جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں پاکستان پہلے ہی موقف اپنایا ہے کہ ہمارے قانون میں گنجائش ہے کہ ملٹری کورٹ کے فیصلے ہائی کورٹ میں چیلنج کئے جا سکتے ہیں، جس پر ہمیں پشاور ہائیکورٹ کی مثالیں بھی پیش ہیں، جس کے ذریعے سزائیں بھی تبدیل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات جب ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے تو وہ کونسی قومی خدمات یا مفادات ہیں کہ کلبھوشن کی اپیل کا قانون بنایا جائے، کیوں کہ اس موقع پر کلبھوشن کو سپر این آر او دیا جا رہا ہے جب کشمیر شہادتیں دے رہا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ کلبھوشن کو سپر این آر او دیا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت نے کشمیر کا سودا کیا ہوا ہے، اگر سودا نہیں ہوتا تو ہندوستان کی کبھی جرات نہیں ہوتی کہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کر کے ہندوستان میں ضم کرتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ خطرات ہیں جن سے ہم قوم کو آگاہ رکھتے ہیں کیونکہ عمران احمد نیازی صرف انتقام کا ایجنڈا رکھتا ہے، اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے ہر سودا کرنے کو تیار ہے، اسے غیر ملکی فنڈنگ سے لایا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی اور معاشی بدحالی ہے جبکہ عمران خان کی دل کی پہلی اور آخری میٹنگ اپوزیشن سے انتقام ہوتی ہے، وزیراعظم کو عوام، مہنگائی اور ملک کی فکر نہیں ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں