حفیظ سنٹرمیں آگ کیسے لگی؟ 14 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی

لاہور (پی این آئی)حفیظ سنٹرآتشزدگی کا واقعہ،کمشنر لاہور نے 14 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی،ڈی سی لاہور کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ طلب، کمیٹی میں ایم سی ایل ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122 کے افسران شامل کمیٹی آتشزدگی کے حقائق کو سامنے لا کر سفارشات پیش کرے گی،ابتدائی

معلومات کی بنا پر خدشہ ہے آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی،انتظامی مشینری یہاں پر اپنی نگرانی میں ریسکیو آپریشن کرا رہی ہے ،آگ کی لپیٹ میں گراؤنڈ،فرسٹ،سیکنڈ فلور آ چکے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ملک میں موبائل فون اور لیپ ٹاپ کے سب سے بڑے کاروباری مرکز حفیظ سینٹر میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ میں دکانداروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جبکہ حفیظ سینٹر کے سکینڈ اور تھرڈ فلور کے بیشتر اندرونی حصے پر آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر نے دعویٰ کیا ہے کہ حفیظ سنٹر میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی پر 10 گھنٹے بعد قابو پایا تاہم کسی دکان سے بھی کوئی چنگاری اْٹھ سکتی ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب کمشنر لاہور نے سانحہ حفیظ سنٹر پر 14 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصراللہ، ایس پی ماڈل ٹاؤن، چیف انجینئر بلڈنگ سنٹرل زون، ڈی او ایمرجنسی، چیف میٹرو پولیٹن آفیسر، ڈائریکٹر آپریشنز پی ڈی ایم اے ممبر ہوں گے۔ اسی طرح سی ای او لیسکو، نیسپاک، آئی ڈیپ کا ایک ایک نمائندہ، صدر حفیظ سنٹر ٹریڈ یونین ملک کلیم اور سابق صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ بھی تحقیقاتی کمیٹی کے ممبر ہوں گے،کمیٹی 24 گھنٹے میں ابتدائی رپورٹ جبکہ تفصیلی رپورٹ کمشنر کو 7 دن میں جاری کرے گی۔یاد رہے گز شتہ روز صبح 6 بجے شارٹ سرکٹ کے باعث حفیظ سنٹر کی دوسری منزل پر آگ بھڑک اْٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے تیسری اور چوتھی منزل پر بھی پہنچ گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں