کراچی(پی این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو الگ کرنے کی سازش ہو رہی ہے ،عمران خان نے صرف کراچی کو دھوکہ دیا ہے ،ایک ہزار ارب روپے کا پیکج دھوکہ نکلا ،یوٹرن نکلا ،اس ایک ہزار ارب روپے کے پیکج میں ایک روپیہ بھی نیا نہیں یہ کراچی
والوں کا اپنا پیسہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور بلوچستان کے جزیروں پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں ،انہیں اپنا آرڈیننس واپس لینا ہو گا،ہم آپ کو ان جزیروں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جب پتلیوں کو عوام پر مسلط کیا جاتا ہے تو نہ صرف اندرونی طور پر ملک کمزور ہوتا ہے بلکہ خارجہ پالیسی بھی تباہ ہو جاتی ہے ،یہ کشمیر کو بچانے کی بات کرتے تھے اب انہوں نے کشمیر کا سودا کرلیاہے ،آج عمران خان نے ہمارے تمام دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خطرے میں ڈال دئیے۔کراچی کی جناح گراونڈ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہاہم نے ملک میں آئین کی بالادستی کی جنگ لڑنی ہے ،تمام جمہوری قوتوں نے مل کر یہ جنگ لڑنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ پر دباو ہے ،میڈ یا پر تالا ہے ،پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہے لیکن ظلم پھر ظلم ہے بڑھتاہے تو مٹ جاتاہے ۔جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا جاتا ہے تو غریب کا چولہا بوجھتا ہے ،لوگوں کی جان و مال غیر محفوظ ہوتی ہے ،بات کرنے کی آزادی روند دی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کو شکایت کرنے کی اجازت نہیں ،آج ہاٖئی ویز پر بہنوں کی عزت لوٹی جا رہی ہے ،سلیکٹڈ وزیراعظم کو مہنگائی کی خبر ٹی وی سے ملتی ہے ،روپے کے گرنے کی خبر ٹی وی سے ملتی ہے ،اس کو نہیں پتہ کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر غداری کامقدمہ ہوا ،عمران خان کو مہنگائی اور عوام کا غصہ نظر نہیں آتا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک نا اہل وزیراعلیٰ لگا کر پنجاب کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے ،سندھ کے حقوق پر ڈاکے ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،سندھ کو اس سال این ایف سی ایوارڈ کا حصہ نہیں دیا گیا ،کے الیکٹرک کراچی کے عوام کا خون چوس رہا ہے اور عمران خان اپنے دوست کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آج لوگوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے ،بے گناہ لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور اس جرم میں ریاست ملوث ہے ،یہ سلیکٹڈ وزیراعظم خود کو جمہوریت قرار دیتے ہیں ،اس سے زیادہ آمرانہ سوچ کیا ہو سکتی ہے ،یہ پارلیمان کو نہیں مانتے۔چئیر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کا غرور پاکستان کی عوام مٹی میں ملا دیں گی ،اس کٹھ پتلی وزیراعظم اور اس کے سہولت کاروں کو ماضی کے آمروں کو یاد کرنا چاہیے ،تاریخ کا فیصلہ بڑے بڑے آمرچلے گئے ،اس کٹھ پتلی کی کیا اوقات ہے ،جمہوریت کے ساتھ اب یہ رواج ختم ہو نا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں پابندیاں لگانے کا بڑا شوق ہے ،مثبت خبروں کے علاوہ ہر چیز پر پابندی لگا رکھی ہے ،ٹی وی ،اخباروں اور ٹک ٹاک پر پابندی لیکن عوام کی سوچ پر کیسے پابندی لگاو گے ۔ان کا کہنا آج کا دن پاکستان کے لیے تاریخی دن ہے ،آج ہمارے دلوں کے پرچم سانحہ کار ساز کے شہیدوں کی یاد میں جھکے ہوئے ہیں ،آفرین نے شہید بے نظیر بھٹو پر جنہوں نے وہ حوصلہ دکھا یا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔18اکتوبر کو بے نظیر بھٹو نے کہا میں اپنی عوام کے ساتھ رہوں گی مجھے دھماکوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا ،وہ دھما کوں کے بعد اپنے جیالوں کے پاس ہسپتال پہنچیں ،وہ جانتی تھیں کہ اصل نشانہ وہ خود ہیں ،اگر وہ پاکستان چھوڑ دیتیں تو قاتلوں سے بچ سکتی تھیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا کیو نکہ وہ کبھی نہیں ڈریں اور کبھی اپنی عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں