نوازشریف نے جنرل باجوہ پر نہیں ، فوج پر حملہ کیا ہے،وزیراعظم عمران خان کی 11سال قبل کی گئی پیشنگوئی پوری ہو گئی

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے جنرل باجوہ پر نہیں ، فوج پر حملہ کیا ہے، نوازشریف گیدڑ کی طرح دم دبا کر بھاگا، اوروہاں پر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کیخلاف زبان استعمال کی،بھارتی اخبارات میں نوازشریف کی جمہوریت پسنددی کی تعریفیں ہورہی ہیں،کل جو سرکس

ہوئی، اس کی 11سال پہلے پیشگوئی کی تھی کہ سب اکٹھے ہوجائیں گے۔اسلام آباد میں ٹائیگرفورس کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگرفورس کو خوش آمدید کہتا ہوں، جب سے 28مارچ کو ہم نے ٹائیگرفورس بنائی تھی، تب سے جتنی بھی سرگرمیوں میں حصہ لیا میں قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ رات کو جو سرکس ہوئی ،اس پر بھی بات کروں گا، اس سرکس میں ڈیزل کے علاوہ اور بھی بڑے فنکار تھے۔رضاکار فورس کا معاشرے میں ایک بڑا مقام ہوتا ہے، کیونکہ آپ نے شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرنا ہوتی ہے۔جب معاشرے میں مشکلات آتی ہیں تو زندہ معاشرے میں لوگ خود حکومت کی مدد کو آجاتے ہیں۔جب میں شوکت خانم کیلئے پیسا اکٹھا کرنے نکلا تو کسی نے کہا سکولوں میں جاؤ، وہاں سے مدد مانگو، آپ جیسے رضاکاروں نے پیسا اکٹھا کیا اور شوکت خانم بنایا، یہ دنیا کا واحد ہسپتال ہے جہاں 75فیصد لوگوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ہمیں اب آپ کی ضرورت پڑے گی۔ شجر کاری میں ضرورت ہوگی۔ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث غلط ٹائم پر بارشیں ہوئیں، جس سے گندم بحران پیدا ہوا۔ اب ہم نے درخت ہی نہیں اگانے، بلکہ دریاؤں کو صاف کرنا ہے، ابھی بہت کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے، جس کی تین وجوہات ہیں، روپیہ گرگیا ،وہ اس لیے کہ ٹریڈ خسارہ تھا ، 40ارب کا خسارہ تھا۔ڈالر اوپر جاتا ہے اور روپیہ جب گرتا ہے تو چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، گیس پٹرول، ڈیزل اور سب چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں۔ہم 60فیصد دالیں باہر سے لیتے ہیں، چیزیں جو امپورٹ کرتے وہ سب مہنگی ہوگئی۔ گندم کی کٹائی کے وقت بارشیں ہوئی اور گندم کم ہوگئی، ہمارے ملک میں گندم کا خسارہ ہوگیا، گندم کے ذخائر کا اندازہ لگانے والا سسٹم ہی خراب تھا، پھر ہم نے گندم امپورٹ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کی جارہی ہے۔ذخیرہ اندوزی لعنت ہے، ٹائیگرفورس کا کیا کام ہے؟ ٹائیگرفورس نے کہیں جاکر مداخلت نہیں کرنی ، بلکہ موبائل فون پر تصویر بناکر شکایات پورٹل پر ڈال دینی ہے۔چیزوں کی قیمتوں کی تصاویر لے کر بھیج دینی ہے۔ اگر مداخلت کی تو ایسے لوگ شامل ہوجائیں گے جو دکانداروں کو بلیک میل کرکے پیسا بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز طاقتور لوگوں کی ہیں، آصف زرداری اور شریف برادران کی شوگرملز ہیں۔ پہلی بار ایک تفصیلی انکوائری ہوئی ہے۔ اب ہم جو منصوبہ بندی لا رہے ہیں اس سے کہیں مہنگی چینی نہیں ملے گی۔عمران خان نے کہا کہ 11سال پہلے پیشگوئی کی تھی کہ یہ سرکس ایک دن ہوگی،یہ سب اکٹھے ہوجائیں گے۔

جب ان کی چوری پر ہاتھ پڑے گا یہ سب اکٹھے ہوجائیں گے۔وہاں دو بچوں نے بھی تقاریر کی تھیں۔ ان پر بات نہیں کرناچاہتا، ایک ان میں نانی ہے لیکن میرے لیے بچہ ہے،اس کی وجہ ہے،انسان جب تک زندگی میں جدوجہد نہیں کرتا ، وہ لیڈر نہیں بن سکتا، ان بچوں نے زندگی میں ایک گھنٹہ حلال کا کام نہیں کیا۔لیکن وہ لیکچر دے رہے ہیں، اور دونوں اپنے باپوں کی حرام کی کمائی پر پلے ہوئے ہیں۔ٹیم میں گیارہ کھلاڑی ہوتے ہیں 12ویں پر کیا بات کروں؟انہوں نے کہا کہ لندن میں جس نے بیٹھ کر گفتگو کی، اس کی لندن جانے سے پہلے اور وہاں پر پہنچ کر تصویریں دیکھ لیں، شہبازشریف جیسی اداکاری بالی وڈ ایکٹر نہیں کرسکتے۔نوازشریف نے پاکستان کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف جو زبان استعمال کی ہے، برصغیر کی تاریخ میں کبھی ایسی حکومت نہیں آئی ، جتنی نفرت مودی کی حکومت مسلمانوں سے کرتی ہے، ہمارے فوجی اپنی جانیں دے رہے ہیں، پرسوں 20فوجی جوانوں نے شہادت پائی۔یہ ہمارے لیے اور ملک کیلئے اپنی جان کی قربانی دے رہے ہیں۔جبکہ یہ گیدڑ دم دبا کر باہر بھاگا، وہاں بیٹھ پر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کیخلاف زبان استعمال کی، یہ وہ نوازشریف ہے، جویہ جنرل جیلانی کے گھر کے اوپر سریا بناتے ہوئے منسٹر بنا، پھر ضیاء الحق کے جوتے پالش کرکے وزیراعلیٰ بنا۔ اس کی کرپشن کی رپورٹ اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروائی۔ملک کی بدقسمتی یہ ہے کہ ہماری عدالتوں نے اس کی

ہمیشہ مدد کی، آصف زرداری کو2مرتبہ جیل میں رکھا، حدیبیہ ملز کیس آصف زرداری نے نوازشریف پر بنایا تھا، زرداری اور نوازشریف وہ ہیں، جن پر دو کتابیں لکھی گئی ہیں، اس میں ہے کہ انہوں نے کس طرح غداری کی،ایک کتاب میں لکھا ہے کہ بے نظیر بھٹو بلاول کو بتا رہی ہیں کہ کس کس کے اکاؤنٹ میں پیسے پڑے ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں جو پیسے کیلئے ملک کو بیچ سکتے ہیں۔ان جیسا سلوک ملک کے ساتھ میر جعفر اور میر صادق نے کیا تھا۔ یہ حملہ جنرل باجوہ پر نہیں فوج پر ہے، یہی بات مودی کررہا تھا۔بھارتی اخبارات میں نوازشریف کی تعریفیں ہورہی ہیں۔میں نے مودی کی دنیا میں اصل فاشسٹ تصویر دکھائی ہے۔آج ہندوستان دنیا کو دکھا رہا ہے کہ نوازشریف برا جمہوریت پسند ہے، ان کو یہ نہیں پتا کہ اس سے سپریم کورٹ پر حملہ کروایا، ضیاء الحق کی چوسنی منہ میں لے کر آیا۔اس کیلئے عدلیہ تب تک ٹھیک ہے جب عدلیہ ساتھ کھڑی ہے۔جب عدلیہ کا پانچ رکنی بنچ اس کو سزا دیتا ہے تو کیوں کہتا مجھے کیوں نکالا؟ لوگوں کے سامنے بے شرمی کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close