مسلم لیگ (ن)نے گوجرانوالہ جلسے سے قبل حکومت کو وارننگ دیدی

لاہور(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ ملک کسی بھی طرح کے انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ،اس لئے حکومت اور انتظامیہ ایسے اقدامات نہ اٹھائیں جس سے حالات میں بیگاڑپیداہو، اگر پر امن جلسے کو تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی تو اس پر آنے والے ردعمل کی ذمہ دارحکومت ہوگی، ہم پرا من

طور پر گوجرانوالہ جائیں گے لیکن اگر ہمارے کارکنوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو گوجرانوالہ سے پہلے لاہور میں جلسہ ہوگا،اگر عوام نے بے روزگاری سے چھٹکارہ اور ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ظلم کی سرکار کے خلاف ووٹ کاسٹ کرنے گوجرانوالہ پہنچیں،حکومت سول آرمڈ فورسز کو سیاسی تنازعہ میں جھونک کر ان کا وقار مجروح نہ کرے،حکومت روزانہ جھوٹ بولتی اور کردار کشی کرتے ہیں، ہم نے جھوٹے احتساب کا سامنا کر لیا، اب چینی چوروں کی باری ہے۔تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ(ن) کےسیکرٹری جنرل احسن اقبال نے خواجہ سعدرفیق و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم نےجب سے جلسوں کا اعلان کیا ہے، تب سے اس حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں،یہ حکومت احتجاج کی اجازت دینے کی بات کرتی رہی،آج 22 کروڑ عوام گو عمران گو کا نعرہ لگا رہے ہیں حالانکہ انہوں نے کہا تھا کہ 2 لوگ یہ نعرہ لگا دیں تو یہ حکومت چھوڑ دیں گے اور کتنے لوگوں سے یہ نعرہ سننا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس شخص نے اپنے انتقام اور حسد کی وجہ ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے،آج اس حکومت کی نہ کوئی سمت ہے اور نہ صلاحیت ہے،معیشت تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کی صورتحال بھی ایسی ہوتی جا رہی ہے،آج وزیرستان میں 6 شہادتیں اور مکران میں 12 شہادتیں ہوئی ہیں،ضرب عضب اور رد الفساد آپریشنز کی کامیابیاں ریورس ہو رہی ہیں،آج پھر پاکستان کو 2013 سے پہلے کے حالات کی جانب موڑا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتی ہے جبکہ عمران خان اپوزیشن کا میڈیا ٹرائل کرکے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ا نہوں نے کہاکہ اپنی ناکامیاں، نااہلیاں چھپانے کے لئے الزامات لگائے جاتے ہیں۔اپوزیشن نے ڈھائی سالوں میں جیلیں کاٹ لی ہیں،اب عمران خان کے کرپٹ ٹولے کی باری ہے،اب شوگر مافیا، آٹا مافیا کا حساب ہو گا۔انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ میں ہمارے کنٹینرز اور کرسیوں پر قبضہ کیا ہے یہ جلسہ ہر صورت میں کامیاب ہو گا،مجھے امید ہے کہ رینجرز اور ایسے اداروں کو سیاسی تنازع میں نہیں جھونکا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا،پرامن جلسے کو تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی تو ردعمل کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔میری تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ ملک کو مہنگائی، غربت سے بچانے اور ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرنے کے لئے اس جلسے میں شرکت کرے۔انہوں نے کہاکہ اس وزیراعظم کو ہر وقت نواز شریف نظر آتا ہے،انہیں ملکی مسائل کا کوئی علم نہیں ہے،ان سے این آر او کون مانگ رہا ہے،عمران خان بس کر دو، کس بات کا انتقام لے رہے ہیں،ہم پرامن اور جمہوری لوگ ہیں اور اپنا آئینی جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس حکومت کو بس چلے تو یہ 22 کروڑ عوام کو جیل بھیج دے،عوامی دباو پر جنوری سے پہلے عمران خان کی حکومت ختم ہو چکی ہو گی۔عمران خان کو ملک دشمن لابی نے فارن فنڈنگ کر کے ملک پر مسلط کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں