حکومت کے کونسے لوگ عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کیلئے ووٹ دینے کو تیار ہیں؟سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) مسلم لیگ ن بھی تحریک انصاف میں کئی جلیل شرقپوری تلاش کر رہی ہے جو تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینگے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کیلئے کسی سے گن پوائنٹ پر ووٹ نہیں لیں

گے، وہ خود ہمیں ووٹ دے دیں گے، انہوں نے کہا کہ جب ہم اسمبلی جاتے ہیں اور دوست ہم سے ملتے ہیں سب سے اچھے تعلقات ہیں۔اس وقت عدم اعتماد کی فضا کو جتنا زیادہ کہا جائے اتنا کم ہے۔ استعفوں کے سوال پر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اس کے ابھی بہت سے مراحل ہیں، پہلے دھرنا اور پھر تحریک عدم اعتماد اس کے بعد استعفوں کا فیصلہ کیا جائےگا۔ قبل ازیں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف پرچہ کروا کر سقوط کشمیر کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہدرہ میں آزاد کشمیر کے منتخب وزیراعظم کے خلاف پرچہ کٹوا کر وزیراعظم عمران خان نے سقوط کشمیر کردیا ہے۔ بھارت میں حکومت کے اس فیصلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو پاکستان کے خلاف ابھارا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر کے منتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر پاکستان کے محب ہیں، ان پر غداری کے مقدمے کا کیا جواز بنتا ہے؟ سابق اسپیکر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے منتخب وزیراعظم، پاکستان کے دو سابق وزرائے اعظموں، سابق وزیرخارجہ و اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کروا کر کہا گیا کہ یہ ملک کے غدار ہیں۔ان کا یہ مقدمہ بھارت کے عزائم کی ترجمانی کرتا ہے۔ اس طرح غداری کے سرٹیفیکیٹ ملنے شروع ہوگئے تو اس ملک میں کون وفادار ہو گا؟ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اس فیصلے پر حکومت کو ہر طرف سے تنقید کا سامنا کرنا جس پر انہوں نے مقدمے سے اظہار لاتعلقی کیا۔ ایسا ممکن ہی نہیں کہ شاہدرہ تھانے کا ایک ایس ایچ او سابق وزیراعظم کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close