ملک کیخلاف کوئی سرگرمی قبول نہیں، ن لیگی باغی رکن اسمبلی نے گوجرانوالہ میں اپوزیشن کا جلسہ زبردستی روکنے کا اعلان کر دیا

گوجرانوالہ (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے باغی رکن اسمبلی نے گوجرانوالہ شہر میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے کو زبردستی روکنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فوج کیخلاف نواز شریف کی تقریر کے بعد اپنے قائد اور پارٹی کیخلاف بغاوت کرنے والے لیگی رکن اسمبلی اشرف انصاری کی جانب سے اہم بیان جاری کیا

گیا ہے۔ پی ڈی ایم کے 16 اکتوبر کے گوجرانوالہ جلسے کے حوالے سے اشرف انصاری کا کہنا ہے ہر اس پروگرام کو مسترد کردیں گے جو پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہو اور پاکستان کے استحکام کے خلاف ہو۔گوجرانوالہ کے تمام شہری ان کا تعلق خواہ کسی بھی شبعہ زندگی سے کیوں نہ ہو وہ کسی بھی گروپ سے تعلق رکھنے والے ہوں وہ ایسے ایونٹس کو مسترد کر دیں گے۔ ن لیگی رکن اسمبلی اشرف انصاری کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو شیڈول اپوزیشن اتحاد کا جلسہ بزور بازو روک کر دکھائیں گے۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گوجرانوالہ کی ضلعی انتطامیہ نے جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔تاحال اجازت نامے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اگر ضلعی انتظامیہ جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتی ہے، تو پھر جی ٹی روڈ پر میدان سجائیں گے۔ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہر صورت جلسہ ہو کر رہے گا۔ واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد نے حکومت کیخلاف تحریک کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ جلسے سے کیا جائے گا۔ جبکہ حکومتی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن کو جلسے کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اپوزیشن پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے وزیراعظم کا موقف ہے کہ اپوزیشن ان جلسوں سے خود کو ہی ایکسپوز کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close