شعیب ملک نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کا شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا، ویرات کوہلی بھی پیچھے رہ گئے

راولپنڈی (پی این آئی ) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 10000 رنز سکور کرنے والے پہلے ایشیائی اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے۔ 38 سالہ شعیب ملک نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں خیبر پختونخوا کی جانب سے بلوچستان کی ٹیم کے خلاف نصف سنچری سکور کرنے کے ساتھ ساتھ ٹونٹی

ٹونٹی کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز بھی مکمل کیے ۔شعیب ملک اب تک 395 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 37.41 کی اوسط سے 10027 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 62 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے یہ رنز 125.71 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کررکھے ہیں،شعیب نے 299 چھکے اور 788 چوکے جڑے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں شعیب ملک کے بعد دوسرے پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ کوسوں دور موجود ہیں،ان کے اس فارمیٹ میں مجموعی رنز کی تعداد 6420 ہے، البتہ انھوں نے اب تک 280 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں۔کامران اکمل بھی 6 ہزار کا سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے کا اعزاز ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے اب تک 13296 رنز بنارکھے ہیں، اس دوران انھوں نے 978 چھکے اور 1026 چوکے لگائے، ان کے ہم وطن کیرون پولارڈ 10370 رنز کے ساتھ اس فہرست میں دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں، کیرون پولارڈ نے 518 میچز کے دوران 685 چھکے اور 664 چوکے لگائے۔سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم 9922 رنز کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 9503 رنز سکور کرکے پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ آسٹریلیا کے ایرون فنچ 9161 رنز کے ساتھ چھٹے اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی 9033 رنز کے ساتھ 7ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ بھارت کےروہت شرما 8853 رنز کے ساتھ 8 ویں ، سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز 8812 رنز بنا کر 9ویں اور سابق آسٹریلوی بلے باز شین واٹسن 8707 رنز سکور کرکے 10 ویں پوزیشن پر قبضہ جمائے بیٹھے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close