کراچی(این این آئی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل اور سلیکٹڈ حکومت ملک،عوام پر بوجھ بن چکی ہے، عام آدمی پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں سے مکمل طور پر اکتا چکا ہے،اس سے پہلے کہ عوام پی ٹی آئی کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دے، عمران خان خود اقتدار
چھوڑدیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں کراچی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر وقار مہدی،سعید غنی اورقادر پٹیل نے بھی شرکت کی جبکہ لعل بخش بھٹو، نجمی عالم، ساجد جوکھیو، خالد لطیف و دیگر بھی کراچی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ بلاول ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے ضمن میں شہرقائد میں سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان کی نااہل اور سلیکٹڈ حکومت ملک اور عوام پر ایک بوجھ بن چکی ہے،اس سے پہلے کہ عوام پی ٹی آئی کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دے، عمران خان خود اقتدار چھوڑدیں،چوری کے ووٹوں سے بنائی گئی عمران خان کی حکومت زبردستی عوام پر مسلط کی گئی ہے،عام آدمی پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں سے مکمل طور پر اکتا چکے ہیں،پی ٹی آئی نے صرف بے روزگاری، مہنگائی، سفارتی تنہائی اور اقتصادی بدحالی کو فروغ دیا،پی ٹی آئی کی عوام میں کوئی جڑیں نہیں ہیں،پی ٹی آئی کو اس لئے سلیکٹ کیا گیا تاکہ وہ ملکی وقار پر سمجھوتے کرکے میرٹ کی دھجیاں اڑائے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 اکتوبر کو یوم شہدائے کارساز کے موقع پر پی ڈی ایم کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا،انہوں نے اہلیان کراچی کو 18 اکتوبر کو جلسہ گاہ تک پہنچنے کے حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں