تعلیمی اداروں میں چھٹی دینے کا فیصلہ

لاہور(پی این آئی) محکمہ تعلیم پنجاب نے حضرت داتا گنج بخش کے عرس کے موقع پر شہر کے تمام سکولوں میں چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے 8 اکتوبرکو لاہور کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ 8 اکتوبر بروز جمعرات

حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی مناسبت سے لاہور کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔واضح رہے کہ حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے 977 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز گزشتہ روز ہوا جس میں صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ وزیر اوقاف پنجاب نے خصوصی شرکت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق داتا دربار کے عرس کی تین روزہ تقریبات 6 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہیں گے، کرونا کے باعث رواں سال عرس کی مناسبت سے مختصر تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کی ہستی ان اولیائے کرام اور صوفیائے کرام میں سے ایک ہے، جنہوں نے بر صغیر پاک و ہند کے ظلمت کدوں کو نورِ اسلام سے منور کیا اور اپنے قول و فعل سے حضور اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔ حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان شیخ علی ہجویری کی تعلیمات سے ہزاروں انسان مشرف با اسلام ہوئے۔ آپ کا پورا نام شیخ سیّد ابو الحسن علی ہجویری ہے، کنیت ابو الحسن لیکن عوام و خواص سب میں “گنج بخش” یا “داتا گنج بخش” (خزانے بخشنے والا) کے لقب سے مشہور ہیں۔آپ 400 ہجری میں غزنی شہر کی ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی سید عثمان جلابی ہجویری ہے۔ جلاب بھی غزنی سے متصل ایک دوسری بستی کا نام ہے جہاں سید عثمان رہتے تھے۔ علی ہجویری، حضرت زید کے واسطے سے امام حسین کی اولاد سے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close