امریکی کرنسی مسلسل زوال کا شکار، ڈالر کتنا سستا ہو گیا؟روپے کی قدر میں اضافہ

کراچی (پی این آئی) پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری، ڈالر کی قیمت 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، امریکی کرنسی کی قیمت 164 روپے کی سطح سے نیچے آگئی، گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ڈالر 4 روپے 46 پیسے سستا ہوچکا ۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس بحران کے دوران بدترین مندی کا

شکار ہو جانے والا پاکستانی روپیہ اب ملکی معیشت میں بہتری کیساتھ آہستہ آہستہ تگڑا ہوتا جا رہا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ملکی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوئی اور یوں ڈالر 164 روپے کی سطح سے نیچے آگیا۔ بدھ کے روز ہونے والی کمی کے بعد ڈالر کی قیمت 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید 7 پیسے سستا ہو گیا۔یوں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 164 روپے 04 پیسے سے کم ہو کر 163 روپے 97 پیسے ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران واضح کمی ہوئی ہے۔ اگست کے آخری ہفتے سے لے کر اب تک پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 46 پیسے کی کمی ہو چکی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں واضح کمی ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں بھی 450 ارب روپے کی کمی ہو چکی ہے۔ڈالر کی قیمت میں کمی کے حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک سال کے دوران ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے باعث روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آ رہی ہے۔ ایک سال کے دوران ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں 4 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، اسی باعث پاکستانی روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close