معیشت کی بحالی کیلئے اہم فیصلہ، وزیراعظم عمران خان نے معاشی ماہر کو اپنا معاون خصوصی تعینات کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ماہر اور سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کو اپنا معاون خصوصی برائے ریونیو تعینات کردیا۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر وقار مسعود کو وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر وقار مسعود امریکہ کی بوسٹن یونیورسٹی سے پولیٹیکل

اکانومی میں ماسٹرز اور اکنامکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے اکنامکس اور ایل ایل بی کی ڈگریاں بھی لے رکھی ہیں۔ ڈاکٹر وقار مسعود پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ وزیر اعظم کے سپیشل سیکرٹری، اکنامک افیئرز ڈویژن ، پٹرولیم اور قدرتی وسائل سمیت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے سیکرٹری رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ گریجوایشن لیول پر انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس میں میکرو اکنامکس بھی پڑھاتے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مختلف شعبوں میں 15 معاونین خصوصی کا تقرر کر رکھا ہے ، ڈاکٹر وقار مسعود کی آمد سے یہ تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو وزرا اور مشیروں سے الگ ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیروں کی تعداد 5 ہے ۔ وفاقی کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد 27 اور وزرائے مملکت کی تعداد 3 ہے۔ مجموعی طور پر وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ کے ارکان کی تعداد51 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں