اپوزيشن کی تحریک کا ماڈل بڑا دلچسپ ہے، اپنے جلسے میرج ہالز میں کرلیا کریں، فواد چودھری کا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو مشورہ

کراچی(پی این آئی)اپوزيشن کی تحریک کا ماڈل بڑا دلچسپ ہے، اپنے جلسے میرج ہالز میں کرلیا کریں، فواد چودھری کا ن لیگ اور بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر بڑا دلچسپ تبصرہ کیا ہے جبکہ یہ بھی بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز

شریف کو فوج اور عدلیہ سے کیا مسئلہ ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے ن لیگ اور بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا تھا کہ اپنے جلسے میرج ہالز میں کرلیا کریں، ان کی حاضری اتنی ہی ہے، اپوزيشن کی تحریک کا ماڈل بڑا دلچسپ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کرپشن کا گرینڈ الائنس بنا ہے، اس کی قیادت مولانا فضل الرحمٰن کے پاس ہے، سراج الحق کے گھر کی چھت ٹپکتی ہے اور مولانا فضل الرحمٰن کے پاس اربوں روپے ہيں، کیا وجہ ہے کہ فضل الرحمٰن کے پاس اربوں روپے ہیں اور سراج الحق کے پاس پیسا نہیں ہے، سراج الحق ہمارے ناقد ہیں لیکن جو بات ٹھیک ہے وہ ٹھیک ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو شدت پسند گروہ کا سہارا لینا پڑ رہا ہے، پیپلز پارٹی کا عام کارکن برا منارہا ہوگا کہ ان کی جماعت فضل الرحمٰن کی قیادت میں آگے چلے گی۔انہوں نے کہا کہ مریم کے ابو اور ان کے پیسے واپس نہ لیے جائيں اور اس کے لیے عوام باہر نکلیں، ابو بچاؤ تحریک پاکستان انتشار پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے، انتشار پھیلانے کی مہم بھی بری طرح ناکام ہوگی۔فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سے افسوس بھی کرنا ہے کہ ایک شدت پسند گروہ کی قیادت میں کام کرنا کیسا لگ رہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، ڈھائی سال گزر گئے ن لیگ ایک حلقے میں بھی دھاندلی کا ثبوت کمیٹی میں نہیں لاسکی۔انھوں نے کہا کہ مسئلہ دھاندلی اور الیکشن کا ہے ہی نہیں، نواز شریف کا مطالبہ تھا کہ پاناما کی تحقیق میں غیر جانبداری نہیں بلکہ ان کی کرپشن چھپانے میں مدد کی جانی چاہیے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا فوج اور عدلیہ سے صرف یہ مسئلہ ہے کہ کرپشن چھپانے میں ان کی معاونت کیوں نہیں کی گئی؟ سوال یہ ہے کہ ان کی کرپشن کا پیسا بچانے کے لیے ادارے ان کے ساتھ کیوں کھڑے ہوں؟وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب قانون نوازشریف کا بنایا ہوا ہے، چیئرمین شاہد خاقان عباسی کا لگایا ہوا ہے، جبکہ اگر عمران خان یقین دلادیں کہ احتساب پر زور نہیں دیں گے تو یہ سب اپنی پرانی تنخواہ پر کام کرنے لگ جائيں۔فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ کے 70 فیصد لوگ نواز شریف اور مریم کے ساتھ نہیں ہیں، پتہ چلا ہے کہ ایک ہوٹل میں تین سینئر لیڈرز نے میٹنگ کی ہے، اپوزیشن کی تحریک شروع ہونے سے پہلے خاتمے پر پہنچ گئی ہے جبکہ ان کے بیانیہ میں اتنے جھول ہیں کہ چھلنی میں بھی نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ کراچی ٹرانسپورٹ بجلی پر شفٹ ہو، پاکستان میں بجلی 50 فیصد ضرورت سے زائد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close