سابق وزیراعظم نواز شریف لندن میں 4غیر ملکی سفارتخانوں سے رابطے میں ہیں، سنگین الزام لگ گیا

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر غلام سرور خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ لندن میں نواز شریف کے 4 غیرملکی سفارتخانوں کے ساتھ رابطے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کو ملک واپس

لانے کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ملک واپس لا کر عوام اور قانون کی عدالت میں پیش کریں گے۔ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر ملک دشمنوں کے پراپیگنڈے پر کام کررہے ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ نواز شریف لندن میں چار غیرملکی سفارتخانوں سے رابطے میں ہیں اور ملک کے خلاف پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنی بیماری کی رپورٹس مینج کی گئی ہیں۔جھوٹی رپورٹس بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ نواز شریف پاکستان کو بھارت کا غلام بنانا چاہتے ہیں۔ نواز شریف 3 مرتبہ وزیراعظم، 6 مرتبہ ان کی پارٹی کو وزارت اعلیٰ ملی، اس سے زیادہ ان کو کیا چاہیے؟ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر جھوٹا پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔ اپوزیشن کے اتحاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے رہنما چلے ہوئے کارتوس ہیں، ان سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔ہمارا مسئلہ اپوزیشن نہیں ہے، اس وقت مہنگائی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف ملکی اداروں اور پاکستان کے خلاف بہتان تراشی کررہے ہیں۔میاں نوازشریف دو قومی نظریے کو پس پشت ڈال چکے ہیں۔ بھارت کی دیرینہ خواہش ہے کہ پاکستان کے ٹکڑے ہو جائیں لیکن نواز شریف بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں