مسئلہ کشمیر کا بہترین حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے ہے، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی طرف سے تحفہ ہے۔ قائد اعظم نے ہندوؤں اور انگریز کے درمیان سے ایک اسلامی ملک کی بنیاد رکھی۔حالانکہ قائد اعظم کو متحدہ ہندوستان کی وزارت عظمی کی پیش کش ہوئی لیکن

انھوں نے یہ پیش کش یہ کہہ کر ٹھکرا دی کہ میں قیامت کے روز اپنے اللہ کے سامنے سرخرو ہونا چاہتا ہوں۔ ریاست مدینہ کے بعد پاکستان واحد ریاست ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آئی۔ نامساعد حالات میں پاکستان بنا آج اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے اُمید کی کرن ہے۔ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے پراکسی وار کا آغاز کیا گیا جسے ہماری دفاعی قوتوں نے حکمت عملی سے ختم کیا۔ مسئلہ کشمیر کا بہترین حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے ہے۔ قرارداد الحاق پاکستان کشمیر یوں کا پاکستان کے حق میں ریفرنڈم تھا۔ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور آج شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے جس کو چھوڑانا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے یہاں علی پور میں مسلم کانفرنس مجلس عاملہ کے رکن سردار عبدالحفیظ عباسی کی طرف ے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار افتخار رشید چغتائی، یوتھ ونگ کے صدر سردار واجد بن عارف ایڈووکیٹ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار کلیم ارباب، ضلع اسلام آباد کے صدر سردار عاصم عباسی، ظفر علی شاہ اور سہیل عباسی بھی قائد مسلم کانفرنس کے ہمراہ تھے۔ سردار عتیق نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان بننے سے قبل اپنے مستقبل کو پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا۔ ہندوستان نے جبر سے کشمیریوں کو غلام بنایا ہوا ہے۔ اور وادی کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم کر رہا ہے۔ 5 اگست کو غیر آئینی اقدام کر کے ریاست کی ڈیمو گرافی تبدیل کر رہا ہے حالانکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں واضح ہے کہ کشمیریوں کی منشا کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے گا۔ ہندوستان نے ہمیشہ راہ فرار اختیار کی عالمی برادری کو چاہئے کہ اس حساس مسئلہ کا فوری حل نکالے اور کشمیریوں سے کیا گیا حق حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرے۔ قائد اعظم نے کشمیر کو شہ رگ قرار دیا تھا اور آج شہ رگ دشمنوں کے قبضے میں ہے اس کو آزاد کرانے کے لیے ہمیں قومی فریضہ انجام دینا ہوگا۔ سردار عتیق نے کہا کہ مضبوط و منظم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان آج طاقت ور قوت ہے۔ دشمنوں نے پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کی جنگ شروع کی تاکہ پاکستان کو کمزور کیا جا سکے لیکن ہماری دفاعی قوتوں نے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملایا۔ اُنھوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے الیکشن میں پوری قوت سے اتریں گے کارکن محنت کریں مسلم کانفرنس ریاستی تشخص کی علمبردار ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close